Friday , January 19 2018
Home / شہر کی خبریں / راج شیکھرریڈی نظروں سے اوجھل‘ دلوں میں موجود

راج شیکھرریڈی نظروں سے اوجھل‘ دلوں میں موجود

ضلع محبوب نگر کے موضع ماڈگل میں پرسہ یاترا سے مسز شرمیلا کا خطاب

ضلع محبوب نگر کے موضع ماڈگل میں پرسہ یاترا سے مسز شرمیلا کا خطاب
حیدرآباد۔8ڈسمبر ( سیاست نیوز) مسز شرمیلا نے کہا کہ ڈاکٹر راج شیکھر ریڈی نے تلنگانہ کی ترقی اور غریب عوام کی فلاح و بہبودکیلئے جو کام کئے ہیں وہ ناقابل فراموش ہے ۔ وائی ایس آر کانگریس پارٹی تلنگانہ میں راج شیکھر ریڈی پر جان نچھاور کرنے والے ارکان خاندان کی مکمل مدد کریگی ۔ مسز شرمیلا نے آج ضلع محبوب نگر میں جگدل منڈل کے ایک موضع میں راج شیکھر ریڈی پر جان نچھاورکرنے والے رائپو ریڈی کے ارکان خاندان سے ملاقات کی ‘ انہیں پرسہ دیا ۔ رائپو ریڈی کی اچانک موت سے ان کے فرزند کی تعلیم درمیان میں رُک جانے اور معاشی مسائل پیدا ہوجانے پر افسوس کا اظہار کیا اور مکمل تعاون کرنے کا تیقن دیا ۔ واضح رہے کہ صدر وائی ایس آر کانگریس پارٹی مسٹرجگن موہن ریڈی نے تلنگانہ میں پارٹی کو مستحکم کرنے کی ذمہ داری مسز شرمیلا کو سونپ دی ہے اور مسز شرمیلا آج سے ضلع محبوب نگر میں پرسہ یاترا کا آغاز کرتے ہوئے تلنگانہ میں اپنی سرگرمیوں کا آغاز کردیا ہے ۔ جگن موہن ریڈی تلنگانہ کی مخالفت کرنے کے باعث تلنگانہ میں پرسہ یاترا کرنے میں ناکام ہوئے تھے تاہم علحدہ تلنگانہ ریاست کی تشکیل کے 6ماہ بعد جب مسز شرمیلا نے پرسہ یاترا کا آغاز کیا تو انہیں کسی مخالفت کا کوئی سامنا کرنا نہیں پڑا ‘ وہ ایک ہفتہ تک ضلع محبوب نگر کے 13اسمبلی حلقوں میں پرسہ یاترا کا اہتمام کرتے ہوئے راج شیکھر ریڈی پر جان نچھاور کرنے والے 21افراد کے ارکان خاندان سے ملاقات کریں گی۔ اس موقع پر شرمیلا نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ان سے چند لوگ استفسار کررہے ہیں کہ تلنگانہ میں کسانوں کی خودکشی پر وائی ایس آر کانگریس پارٹی خاموش کیوں ہے۔
راج شیکھرریڈی نظروں سے اوجھل‘ دلوں میں موجود
وائی ایس آر کانگریس پارٹی ہرگز خاموش نہیں ہے ‘ پارٹی کے منتخبہ عوامی نمائندے اس مسئلہ پراسمبلی اور پارلیمنٹ میں مسائل کو اٹھا رہے ہیں ۔ پارٹی صدر مسٹر جگن موہن ریڈی پارٹی میں انہیں جو بھی ذمہ داری دیں گے وہ اس کو مکمل دیانتداری کے ساتھ انجام دیں گی ۔ ڈاکٹر راج شیکھر ریڈی کسی ایک علاقے کے قائد نہیں تھے ۔ انہوں نے غیر منقسم آندھراپردیش کے تینوں علاقوں کی ترقی اور عوامی بہبود کیلئے کام کیاہے ۔ مفت برقی سربراہ کرنے سے تلنگانہ کے کسانوں کوزیادہ فائدہ ہوا ۔ قرضوں کی معافی پر کسانوں نے عید منائی ہے ۔ ڈاکٹر راج شیکھر ریڈی ہماری نظروں سے اوجھل ہوئے ہیں مگر عوام کے دلوں میں آج بھی موجود ہیں۔قبل ازیں وائی ایس آر کانگریس پارٹی کی اعزازی صدر مسز وجیہ اماں اور صدر مسٹر جگن موہن ریڈی نے آشیرواد دے کر مسز شرمیلا کو ضلع محبوب نگر پرسہ یاترا کیلئے روانہ کیا ۔ بھائی کے ادھورے کام کو بہن شرمیلا تلنگانہ میں پوا کررہی ہے ۔ راج شیکھر ریڈی پر جان نچھاور کرنے والے ارکان خاندان سے ملاقات کرنے کیلئے صدر وائی ایس آر کانگریس پارٹی جگن موہن ریڈی نے پرسہ یاترا کا آغاز کیا جس کاسیما آندھرا میں کامیابی کے ساتھ انعقاد کیا اور عوام کی بھاری تائید حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے ہیں ۔ تلنگانہ کی مخالفت کرنے کی وجہ سے تلنگانہ میں جگن موہن ریڈی کو پرسہ یاترا کو تلنگانہ حامیوں نے روک دیا تھا جس کو پورا کرنے کی ذمہ داری مسز شرمیلا نے قبول کی ہے ۔ آج لوٹس پونڈ سے مسز شرمیلا ‘ ماں ‘ بھائی اور بھابی کا آشیرواد حاصل کرتے ہوئے پرسہ یاترا پروگرام کا آغاز کرنے کیلئے وہ ضلع محبوب نگر کے دورہ پر روانہ ہوگئی ۔ وائی ایس آر کانگریس کے کارگذار صدر مسٹر پی سرینواس ریڈی نے کہا کہ مسز شرمیلا کی پرسہ یاترا سے تلنگانہ میں وائی ایس آر کانگریس پارٹی مستحکم ہوگی۔ پارٹی عوامی مسائل پر تعمیری رول ادا کرتے ہوئے انہیں حل کرنے کیلئے حکومت سے رجوع کرے گی ۔ اسمبلی اور اسمبلی کے باہر عوامی مسائل پر آواز اٹھائے گی اورپارٹی کو مستحکم کرنے کیلئے تمام ضروری اقدامات کرے گی ۔

Top Stories

TOPPOPULARRECENT