Tuesday , November 21 2017
Home / ہندوستان / راحیل شریف کے اشتعال انگیز ریمارکس، پاکستان کی ناپختہ کاری کا ثبوت

راحیل شریف کے اشتعال انگیز ریمارکس، پاکستان کی ناپختہ کاری کا ثبوت

پڑوسی ملک مسلسل شکستوں کے باوجود دن میں خواب دیکھ رہا ہے: بی جے پی اور کانگریس کا ردعمل
نئی دہلی ۔  7 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) بی جے پی اور کانگریس نے پاکستانی فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف کی جانب سے ہندوستان کو نشانہ بناتے ہوئے آج کئے گئے اشتعال انگیز ریمارکس کی سخت مذمت کئے ہیں اور کہا کہ اس قسم کے ریمارکس سے پڑوسی ملک کی ناپختہ کاری کا اظہار ہوتا ہے کیونکہ وہ ماضی میں کئی شکستیں اٹھانے کے باوجود اب بھی دن میں خواب دیکھ رہا ہے۔ بی جے پی کے سکریٹری سریکانت شرما نے کہا کہ راحیل شریف کا یہ کھوکھلا ریمارک ہے جو دراصل پاکستان کی داخلی بحران پر مایوسی کا نتیجہ ہے۔ علاوہ ازیں اس سے ہندوستان میں دہشت گردی کی سرپرستی میں پاکستان کا رول بھی واضح ہوگیا ہے۔ جنرل راحیل شریف نے ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کشمیر کو ’’ایک غیرمختتم ایجنڈہ‘‘ قرار دیا تھا اور ہندوستان کو وارننگ دیتے ہوئے کہا تھا کہ ’’دشمن کی طرف سے قلیل مدتی یا طویل مدتی غلط مہم جوئی کی صورت میں ناقابل برداشت نقصانات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے‘‘۔ کانگریس کے ترجمان ابھیشیک سنگھوی نے جنرل راحیل شریف کے ریمارکس کو ہٹ دھرم اور غیرمعقول قرار دیتے ہوئے کہا کہ دنیا کے پاس صرف ایک ’’غیرمختتم ایجنڈہ‘‘ یہی ہے کہ پاکستان کو عالمی دہشت گردوں کی محفوظ پناہ گاہ کی حیثیت سے برقرار رہنے سے روکا جائے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سیاسی و اقتصادی طور پر بری طرح ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہورہا ہے۔ ہندوستان کے خلاف لڑی گئی جنگوں میں پاکستان کی شکستوں کو یاد دلاتے ہوئے بی جے پی کے ایک سکریٹری سدھارتھ ناتھ سنگھ نے کہا کہ 1965ء کی غلط فوجی مہم جوئی میں پاکستان کو منہ توڑ جواب اور بدترین ہزیمت سے دوچار ہونا پڑا تھا۔ بعدازاں 1971ء کی جنگ اور کارگل معرکہ میں بھی ہزیمت و پسپائی کا سامنا کرنا پڑا۔ اس کے باوجود پاکستانی فوج کے سربراہ اگر اب بھی دن میں خواب دیکھنے کی خواہش رکھتے ہیں تو اس سے ہندوستان کے معاملہ میں پاکستان کی ناپختہ کاری کا اظہار ہوتا ہے۔

TOPPOPULARRECENT