Wednesday , December 19 2018

راشد خان دنیا کے سب سے کم عمر نمبرون بولر بن گئے

دبئی۔21 فبروری(سیاست ڈاٹ کام ) افغانستان کے راشد خان اور ہندوستانی فاسٹ بولر جسپریت بمرا انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی تازہ ترین ونڈے درجہ بندی میں مشترکہ طور پر دنیا کے نمبر ایک بولر بن گئے ہیں جس کے ساتھ ہی افغان اسپنر دنیا کے سب سے کم عمر عالمی نمبر ایک بولر بن گئے۔آئی سی سی نے افغانستان اور زمبابوے کے درمیان آخری ونڈے ختم ہونے کے بعد تازہ ترین ونڈے درجہ بندی جاری کر دی جس کے تحت بیٹسمینوں میں ویراٹ کوہلی بدستور پہلے نمبر پر موجود ہیں۔کوہلی 909 نشانات کے ساتھ پہلے مقام کو مزید مستحکم کرنے کے علاوہ ٹسٹ کے بعد ونڈے میں میں بھی 900 نشانات عبور کرنے والے اے بی ڈی ویلیئرز کے بعد دنیا کے دوسرے کھلاڑی ہیں۔ون ڈے کی عالمی درجہ بندی میں ڈی ویلیئرز دوسرے، ڈیوڈ وارنر تیسرے جبکہ پاکستان کے بابر اعظم بغیر کھیلے ایک مقام کی بہتری کے بعد دوبارہ چوتھے نمبر پر آ گئے۔بابر اعظم نے روہت شرما کو چوتھے سے چھٹے نمبر پر دھکیل دیا، جیوروٹ پانچویں نمبر پر موجود ہیں جبکہ ہاشم آملا تنزلی کے بعد ٹاپ 10 سے باہر ہو کر 12ویں نمبر پر پہنچ گئے۔جنوبی افریقہ کے خلاف سیریز میں عمدہ کارکردگی کی بدولت شکھر دھون 4 درجے ترقی کے بعد سرفہرست 10 کھلاڑیوں میں داخل ہو گئے ہیں۔دوسری جانب بولرس میں افغانستان کے راشد خان اور جسپریت بمرا مشترکہ طور پر دنیا کے نمبر ایک بولر بن گئے، انہوں نے عمران طاہر کو پہلے مقام سے محروم کردیا، بمرا نے 2 اور راشد نے 8 درجے ترقی پا کر یہ اعزاز حاصل کیا۔اس سے قبل دنیا کے سب سے کم عمر عالمی نمبر ایک بولر کا اعزاز پاکستان کے ثقلین مشتاق کے پاس تھا۔درجہ بندی میں حسن علی کا پانچواں نمبر برقرار ہے جبکہ ہندوستانی اسپنر یزویندر چہل 21 درجات کی لمبی چھلانگ لگا کر ٹاپ 10 میں شامل ہو گئے اور 29ویں سے 8واں نمبر سنبھال لیا۔کلدیپ یادیو نے بھی 47 درجے لمبی چھلانگ لگاتے ہوئے 62ویں سے 15ویں مقام پر آگئے ہیں۔آل راؤنڈرز میں شکیب الحسن بدستور سرفہرست ہیں، محمد حفیظ دوسرے نمبر پر برقرار ہیں، افغانستان کے راشد خان سرفہرست5 آل راؤنڈرز میں جگہ بنانے میں کامیاب رہے اور ان کا چوتھا نمبر ہے۔

TOPPOPULARRECENT