Saturday , December 16 2017
Home / شہر کی خبریں / راشن شاپس برخواست نہ کرنے کا حکومت سے مطالبہ

راشن شاپس برخواست نہ کرنے کا حکومت سے مطالبہ

کیرالا کے خطوط پر اقدامات کرنے ٹی آر ایس حکومت کو سی پی آئی کا مشورہ
حیدرآباد 22 اکٹوبر (این ایس ایس) ریاستی حکومت سے یہ مطالبہ کرتے ہوئے کہ ریاست میں راشن شاپس کو برخواست کرنے کے فیصلہ سے دستبرداری اختیار کی جائے۔ سی پی آئی اسٹیٹ پارٹی نے ٹی آر ایس حکومت سے کہاکہ پبلک ڈسٹری بیوشن سسٹم (پی ڈی ایس) کو ریاست کیرالا کے خطوط پر بہتر اور مستحکم کیا جائے۔ ایک نوٹ میں سی پی آئی اسٹیٹ سکریٹری چاڈا وینکٹ ریڈی نے کہاکہ ریاستی حکومت کے لئے یہ بات مناسب نہیں ہیکہ یہ کہتے ہوئے راشن شاپس کو منسوخ کرے کہ راشن شاپ ڈیلرس بار بار ہڑتال کررہے ہیں۔ انھوں نے کہاکہ اگر راشن شاپس کو مستقلاً برخاست کردیا گیا تو غریب شدید متاثر ہوں گے اور الزام عائد کیاکہ عوام کو مرکزی حکومت کی لاپرواہی کے باعث شکر اور کیروسین حاصل نہیں ہورہا ہے۔ انھوں نے کہاکہ کیرالا کی بائیں بازو جماعت کی حکومت کم قیمتوں پر پی ڈی ایس کے ذریعہ عوام کو 13 اشیائے ضروریہ فراہم کررہی ہے۔ انھوں نے یاد دلایا کہ ٹی آر ایس حکومت ہمیشہ یہ کہتی ہے کہ وہ کمیونسٹس ایجنڈہ پر عمل پیرا ہے اور کہاکہ وزیر فینانس اور سیول سپلائز ایٹالہ راجندر نے ریاست کیرالا میں پی ڈی ایس پر عمل درآمد کا جائزہ بھی لیا ہے۔ انھوں نے کہاکہ حکومت تلنگانہ نے اعلان کیا تھا کہ وہ کم از کم 9 اشیاء عوام کو کم قیمت پر سربراہ کرے گی لیکن چند ماہ کے عمل درآمد کے بعد اسے روک دیا گیا اور یہ سراسر ناانصافی ہے۔

TOPPOPULARRECENT