Tuesday , December 12 2017
Home / شہر کی خبریں / راشن شاپس ڈیلرس کے مسائل کی عاجلانہ یکسوئی کا مطالبہ

راشن شاپس ڈیلرس کے مسائل کی عاجلانہ یکسوئی کا مطالبہ

حیدرآباد۔/4اکٹوبر، ( سیاست نیوز) تلنگانہ راشن شاپس ڈیلرس ویلفیر اسوسی ایشن نے اپنے دیرینہ حل طلب مسائل کی عاجلانہ یکسوئی کیلئے موثر اقدامات کرنے کا حکومت سے پرزور مطالبہ کیا۔ بصورت دیگر ماہ ڈسمبر کے آغاز سے ڈی ڈیز ادا کئے بغیر راشن شاپس بند کرنے کا سخت انتباہ دیا۔ آج یہاں اخباری نمائندوں سے غیر رسمی بات چیت کرتے ہوئے ریاستی صدر تلنگانہ راشن شاپس ڈیلرس ویلفیر اسوسی ایشن مسٹر بی رمیش بابو نے یہ بات بتائی اور کہا کہ حکومت کی جانب سے ان کے دیرینہ حل طلب مسائل کی یکسوئی نہ کرنے کی صورت میں جاریہ ماہ 14 اکٹوبر کو بھی تلنگانہ ریاست گیر سطح پر ’’ تمام راشن شاپس بند ‘‘ پروگرام منظم کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ تلنگانہ راشن شاپس ڈیلرس ویلفیر اسوسی ایشن کا ایک اہم ریاستی سطح کا اجلاس اپنے مسائل کی عاجلانہ یکسوئی کے مسئلہ پر تفصیلی غور و خوض کرنے اور ریاستی حکومت سے موثر نمائندگی کرنے کیلئے منصورآباد میں واقع ایس کے گارڈن فنکشن ہال میں گزشتہ دن منعقد کیا گیا۔ اس اجلاس میں اسوسی ایشن کے مختلف قائدین نے اپنے خطاب میں کہا کہ اگر حکومت ان کے مسائل کی یکسوئی کو نظرانداز کرتی ہے تو سب سے پہلے جاریہ ماہ 14 اکٹوبر کو ریاست گیر راشن شاپس بند منظم کرنے اور اس کے بعد بھی کوئی مثبت رد عمل حکومت سے حاصل نہ ہونے کی صورت میں ماہ ڈسمبر کے آغاز پر ہی ڈی ڈیز ادا کئے بغیر راشن شاپس بند کردینے کا فیصلہ کیا گیا۔ مسٹر رمیش بابو نے حکومت سے زرعی تخم، چھوٹے گیاس سلینڈرس، زرعی کھاد بھی راشن شاپس کے ذریعہ صارفین کو فراہم کرنے کے انتظامات کرنے کا مطالبہ کیا۔

TOPPOPULARRECENT