Thursday , September 20 2018
Home / Top Stories / رافیل آج ملک کو درپیش کرپشن کا بدترین مسئلہ ، مودی بدستور خاموش

رافیل آج ملک کو درپیش کرپشن کا بدترین مسئلہ ، مودی بدستور خاموش

وزیراعظم نے دورۂ فرانس میں شخصی دلچسپی لے کر رافیل معاملت میں تبدیلی لائی ، کنٹراکٹ ایچ اے ایل سے مودی کے دوست کو منتقل :راہول

ہوسا پیٹ ۔ 10 فبروری ۔( سیاست ڈاٹ کام ) صدر کانگریس راہول گاندھی نے آج رافیل لڑاکا جٹ طیاروں کی معاملت کے بارے میں این ڈی اے حکومت پر اپنے لفظی حملے میں شدت پیدا کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ یہ موجودہ طورپر ملک میں کرپشن کا ’’سب سے بڑا مسئلہ ‘‘ ہے ۔ اسمبلی چناؤ والی ریاست کرناٹک کے ضلع بلاری کے ہوسا پیٹ میں اپنی پارٹی کی انتخابی مہم کا آغاز کرتے ہوئے راہول نے دعویٰ کیا کہ مودی نے فرانس کو اپنے دورہ میں اس کنٹراکٹ کو ’’شخصی طورپر ‘‘ تبدیل کرتے ہوئے اسے ایک ’’دوست‘‘ کو دیدیا ، اور کہا کہ وزیراعظم نے اس معاملت کے بارے میں اُن کے پوچھے گئے تین سوالات کے جوابات نہیں دیئے ۔ راہول نے ریاست میں برسراقتدار کانگریس کی ’’جن آشیرواد یاترا‘‘ شروع کرتے ہوئے کہا کہ آج ملک میں رافیل طیارہ بدعنوانی کا بدترین مسئلہ ہے ۔ میں اس بارے میں چند باتیں آپ کے گوش گذار کرنا چاہتا ہوں ۔ ’’مودی جی فرانس میں پیرس گئے تھے ۔ فرانس میں مودی جی نے شخصی دلچسپی لیتے ہوئے کنٹراکٹ تبدیل کیا ۔‘‘ راہول نے بتایا کہ اس سے قبل رافیل کنٹراکٹ ڈیفنس پبلک سیکٹر کے ادارے بنگلورو میں قائم ہندوستان ایروناٹیکس لمیٹیڈ (ایچ اے ایل ) کو دیا گیا تھا جو 70 سال سے ہندوستانی فضائیہ کیلئے طیارے بنارہا ہے ۔ آج اگر بنگلورو مستحکم ہے تو اس کی ایک وجہ ایچ اے ایل بھی ہے ۔ مودی جی نے رافیل کنٹراکٹ بنگلورو اور ایچ اے ایل سے چھین کر اسے اپنے دوست کے حوالے کردیا ۔ ہم نے مودی جی سے پوچھا کہ کس بنیاد پر آپ نے یہ کنٹراکٹ اپنے دوست کو دیا ہے ؟آپ نے بنگلورو کے نوجوانوں سے اُن کا مستقبل کیوں چھینا ؟ آپ نے کیوں یہ کام اپنے دوست کے فائدے کیلئے کیا ہے ؟ ایک اور استفسار یہ رہا کہ طیارے کی قیمت آپ کے نئے کنٹراکٹ میں بڑھ گئی یا گھٹی ہے ؟اور یہ بھی نقطہ اہم ہے کہ آپ نے دفاعی معاملت میں تبدیلی آیا کابینی کمیٹی برائے سلامتی کی اجازت سے کی ہے ؟ کانگریس سربراہ نے اپنی تقریر میں بی جے پی زیرقیادت مرکزی حکومت کی ناکامیوں کو اُجاگر کیا کہ وہ نوکریاں پیدا کرنے کے اپنے انتخابی وعدے کی تکمیل نہیں کرپائی ۔ ’’مودی جی کرپشن کے تعلق سے بات کرتے ہیں ۔ کرپشن کے معاملے میں ورلڈ ریکارڈ کرناٹک میں خود اُن کی پارٹی کی حکومت نے توڑ دیاہے ۔‘‘ راہول نے اس الزام کے ذریعہ واضح طورپر ریاست میں بی ایس یدی یورپا کی سابقہ حکمرانی کا حوالہ دیا ہے ۔ راہول کرناٹک میں چار روزہ انتخابی دورہ پر ہیں ۔

TOPPOPULARRECENT