Tuesday , December 11 2018

رافیل معاملت میں 36 ہزار کروڑ کا نقصان

فوج رقومات کیلئے مشکلات کا شکار ۔ کانگریس صدر راہول گاندھی
نئی دہلی 16 مارچ ( سیاست ڈاٹ کام ) کانگریس صدر راہول گاندھی نے آج ایک بار پھر رافیل لڑاکا طیاروں کی معاملت پر حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا اور الزام عائد کیا کہ مودی حکومت کی اس معاملت سے سرکاری خزانہ کو 36,000 کروڑ کا نقصان ہوا ہے ۔ یہ نقصان ایسے وقت میں ہوا ہے جب فوج رقومات کے حصول کیلئے جدوجہد کر رہی ہے ۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ جس فرانسیسی کمپنی کو ان طیاروں کا کنٹراکٹ دیا گیا ہے اس نے طیاروں کی قیمت کے مسئلہ پر وزیر دفاع (نرملاسیتارامن ) کے بیان کو جھوٹ قرار دیا ہے ۔ راہول گاندھی نے ان طیاروں کے حصول کیلئے سابقہ یو پی اے حکومت کی طئے شدہ قیمت کا ‘ اب این ڈی اے حکومت کی جانب سے ادا کی جا رہی قیمت کا اور پھر ان طیاروں کیلئے قطر کی جانب سے ادا کی گئی قیمت کا بھی تذکرہ کیا ۔ انہوں نے کہا کہ ان تینوں معاملتوں میں سب سے کم قیمت منموہن سنگھ حکومت نے طئے کی تھی اور مودی حکومت سب سے زیادہ قیمت ادا کر رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ایسے وقت میں جبکہ حکومت کی جانب سے فوج کو رقومات کی فراہمی میں مشکل ہو رہی ہے مودی حکومت کے سودے سے سرکاری خزانہ کو 36000 کروڑ کا نقصان ہوا ہے ۔ انہوں نے اپنے ٹوئیٹ میں یہ الزام عائد کیا ۔

TOPPOPULARRECENT