Tuesday , November 21 2017
Home / کھیل کی خبریں / رافیل 100 ویں مرتبہ فائنل میں پہونچے ، اینڈی مرے کو شکست

رافیل 100 ویں مرتبہ فائنل میں پہونچے ، اینڈی مرے کو شکست

مونٹے کارلو۔17 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) سابق عالمی نمبرایک اسپین کے ٹینس اسٹار رافیل نڈال نے مونٹے کارلو ماسٹرز کے سیمی فائنل میں عالمی نمبر 2برطانیہ کے اینڈی مرے کو شکست دے کر فائنل میں جگہ بنا لی جہاں ان کا مقابلہ گائیل مونفلز سے ہوگا۔رافیل نڈال نے اینڈی مرے کو سخت مقابلے کے بعد اپنے شاندار کھیل کے ذریعے شکست دیدی۔ مرے نے پہلے سیٹ میں ہسپانوی اسٹار پر 6-2 سے برتری حاصل کی تاہم بقیہ دونوں سیٹ میں نڈال نے شاندار واپسی کرتے ہوئے فائنل تک رسائی ممکن بنائی۔نڈال نے مرے کو 2-6، 6-4 اور 6-2 سے شکست دے کرٹورنامنٹ کے فائنل میں اپنی جگہ پکی کرلی، مونٹے کارلو میں یہ ان کا دسواں فائنل ہوگا جبکہ نڈال کی اینڈے مرے کے خلاف اب تک کھیلے گئے 8 میچوں میں یہ ساتویں کامیابی تھی۔اینڈی مرے نے کلے کورٹ پر پہلی مرتبہ رافیل نڈال کو گذشتہ سال میڈریڈ ماسٹرز کے فائنل میں شکست دی تھی۔ لیکن ان کی عالمی نمبر پانچ رافیل نڈال کو مسلسل دوسری شکست دینے کی امید اس ڈھائی گھنٹے تک جاری رہنے والے میچ میں شکست کے ساتھ ہی دم توڑ گئی۔رافیل نڈال کا سیمی فائنل میں کامیابی کے بعد کہنا تھا کہ میں روزانہ یہ نہیں کہنا چاہتاہوں کہ اگر میں واپسی کروں یا نہ کروں، بڑی خبر یہ ہے کہ میں فائنل میں ہوں۔ان کا کہنا تھا کہ ہرسال مختلف ہوتا ہے، ہر احساس مختلف ہوتا ہے، میں اپنے آپ سے موازانہ نہیں کرنا چاہتا یا یہ تجزیہ بھی نہیں کرنا چاہتا کہ میں پہلے کی طرح ہوں یا نہیں۔اینڈی مرے نے کہا کہ میں سمجھتا ہوں کہ آج میں نے اپنی طرف برابری کا میچ کھیلا، یقیناً کچھ غلطیاں تھیں جبکہ کچھ وقت کے لیے نڈال نے بھی کھیل کے اچھے مواقع فراہم کئے جس پر مخالف کو داد دینا ہوگی، وہ بہترین کھلاڑیوں میں سے ایک ہیں۔مونٹے کارلو کے دوسرے سیمی فائنل میں فرانس کے گائیل مونفلز نے ہم وطن جو ولفریڈ ٹسونگا کو 69 منٹ کے مقابلے کے بعد باآسانی 6-1 اور 6-3 سے شکست دی۔مونفلز کا مونٹے کارلو میں یہ مسلسل دوسرا سیمی فائنل تھا جس کا بھر پور فائدہ اٹھاتے ہوئے اپنے ہم وطن کو ایک لمحے کے لیے بھی حاوی ہونے نہیں دیا۔مونٹے کارلو ماسٹرز کافائنل رافیل نڈال اور مونفلز کے درمیان آج اتوار کو کھیلا جارہاہے۔

TOPPOPULARRECENT