Monday , December 18 2017
Home / شہر کی خبریں / رامناتھ کووند کو کے سی آر اور نائیڈو کی مبارکباد

رامناتھ کووند کو کے سی آر اور نائیڈو کی مبارکباد

جمہوریت کے وفاقی جذبہ کو برقرار رکھنے میں کامیاب ہونے کی توقع
حیدرآباد۔ 20 جولائی (سیاست نیوز) چیف منسٹر تلنگانہ کے چندر شیکھر راؤ نے صدرجمہوریہ منتخب ہونے پر رامناتھ کووند کو مبارکباد دی جبکہ بی جے پی تلنگانہ یونٹ نے ریاست بھر میں جشن منایا اور ایک دوسرے کو مٹھائیاں کھلاتے ہوئے مبارکباد دی۔ چیف منسٹر کے دفتر سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ کے چندر شیکھر راؤ نے توقع ظاہر کی کہ رام ناتھ کووند کی کامیابی ملک کی جمہوریت کے وفاقی جذبہ کو برقرار رکھنے میں معاون ثابت ہوگی۔ چیف منسٹر نے یہ بھی توقع ظاہر کی کہ کووند کی قیادت میں یہ ملک تمام شعبوں میں ترقی کرے گا۔ ان کی کامیابی وفاقی جذبہ کو برقرار رکھتے ہوئے اسے مضبوط بنانے میں معاون ثابت ہوگی۔ حکمران ٹی آر ایس نے صدارتی انتخاب کیلئے کووند کی امیدواری کی حمایت کی تھی۔ تلنگانہ بی جے پی قائدین نے امبیڈکر مجسمہ کے پاس جمع ہوکر جشن منایا اور شیرینی تقسیم کی۔ ریاستی بی جے پی صدر کے لکشمن نے سب سے پہلے کووند کی کامیابی کا اعلان کیا۔ اسی دوران چیف منسٹر آندھرا پردیش چندرا بابو نائیڈو نے رامناتھ کووند کو مبارکباد دی اور کہا کہ ہندوستان کے 14 ویں صدر کی حیثیت سے ان کا انتخاب خوش آئند ہے۔ چندرا بابو نائیڈو نے اپنے بیان میں کہا کہ یہ میرے لئے بہت ہی خوشی کی بات ہے کہ صدارتی انتخاب کیلئے میں نے جس امیدوار کی حمایت کی تھی، وہی منتخب ہوئے ہیں۔ نچلے طبقہ سے تعلق رکھنے والے کووند نے ملک کے سب سے اعلیٰ ترین عہدہ کو حاصل کرلیا ہے۔ وائی ایس آر کانگریس کے صدر جگن موہن ریڈی نے بھی رامناتھ کووند کو مبارکباد دی۔

TOPPOPULARRECENT