Thursday , November 23 2017
Home / شہر کی خبریں / رام دیو کی گرفتاری کیلئے مرکز سے مطالبہ

رام دیو کی گرفتاری کیلئے مرکز سے مطالبہ

بھاگوت اور اسد اویسی پر تنازعہ پیدا کرنے کا الزام : محمدعلی شبیر

حیدرآباد 5 اپریل (این ایس ایس) تلنگانہ قانون ساز کونسل میں اپوزیشن لیڈر محمد علی شبیر نے ’’بھارت ماتا کی جئے‘‘ کا نعرہ لگانے سے انکار کرنے والوں کا سر قلم کرنے سے متعلق یوگا گرو رام دیو کی دھمکی کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے حکومت سے ان (رام دیو) کو فی الفور گرفتار کرنے کا مطالبہ کیا۔ محمد علی شبیر نے اپنے ایک صحافتی بیان میں کہاکہ رام دیو کا بیان ملک میں تشدد اور فرقہ وارانہ جذبات کو اُکسانے کے خطرناک عزائم پر مبنی ہے۔ شبیر نے کہاکہ ’’رام دیو کے پاس ملک کے قانون اور دستور کا زرہ برابر بھی احترام ہوتا تو وہ اس قسم کا اشتعال انگیز بیان نہ دیتے‘‘۔ مزید برآں سب سے قابل اعتراض بات تو یہ ہے کہ رام دیو نے ’’سدبھاؤنا سمیلن‘‘ (امن کانفرنس) میں یہ اشتعال انگیزی کی ہے۔ ہریانہ کے ضلع روہتگ میں آر ایس ایس نے اس کانفرنس کا اہتمام کیا تھا۔ شبیر علی نے آر ایس ایس کے سربراہ موہن بھاگوت اور مجلس کے صدر اسدالدین اویسی کی مذمت کرتے ہوئے کہاکہ یہ دونوں ’’بھارت ماتا کی جئے‘‘ کے نعرہ پر تنازعہ پیدا کررہے ہیں۔ کانگریس لیڈر نے کہاکہ ہندوستانی دستور کے تحت کوئی بھی نعرہ لگانا لازمی نہیں ہے۔ سپریم کورٹ بھی 1986 ء میں اس ضمن میں واضح رولنگ دے چکا ہے۔

TOPPOPULARRECENT