Sunday , December 17 2017
Home / Top Stories / رام دیو کے خلاف ناقابل ضمانت وارنٹ

رام دیو کے خلاف ناقابل ضمانت وارنٹ

لاکھوں افراد کا سرقلم کرنے کے متنازعہ ریمارک پر مقدمہ
روہتک ۔ /15 جون (سیاست ڈاٹ کام) ہریانہ کی عدالت نے یوگا گرو رام دیو کے خلاف گزشتہ سال کئے گئے ریمارکس کے سلسلے میں ناقابل ضمانت وارنٹ جاری کیا ہے ۔ ایڈیشنل چیف جوڈیشیل مجسٹریٹ ہریش گوئل نے وارنٹ جاری کرتے ہوئے مقدمہ کی سماعت /3 اگست کو مقرر کی ۔ اس سے پہلے /12 مئی کو رام دیو کے خلاف قابل ضمانت وارنٹ جاری کیا گیا تھا ۔ وہ آج عدالت میں حاضر ہونے میں ناکام رہے ۔ اس سے پہلے کئی سمن اور قابل ضمانت وارنٹ جاری کئے جانے کے باوجود رام دیو عدالت میں حاضر نہیں ہوئے تھے ۔ اس مقدمہ کے شکایت کنندہ او پی چھگ نے یہ بات بتائی ۔ رام دیو نے گزشتہ سال اپریل میں روہتک میں منعقدہ سدھ بھاؤنا سمیلین میں ’’بھارت ماتا کی جئے ‘‘ کا نعرہ لگانے سے انکار کرنے والوں کے بارے میں کہا تھا کہ اگر یہاں قانون نہ ہوتا تو وہ انکار کرنے والے لاکھوں افراد کا سرقلم کردیتے ۔ روہتک میں جاٹ طبقے کی عوام نے کوٹہ کیلئے احتجاج کیا تھا جس میں تشدد کے واقعات پیش آئے تھے ۔ چنانچہ شہر میں امن کے فروغ کیلئے یہ سمیلن منعقد کیا گیا تھا ۔ رام دیو نے سمیلین سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’’ کوئی آدمی ٹوپی پہن کر کھڑا ہوجاتا ہے اور یہ اعلان کرتا ہے کہ بھارت ماتا کی جئے نعرہ نہیں لگاؤں گا ۔ چاہے میری گردن کاٹ دی جائے ۔ اس دیش میں قانون موجود ہے ورنہ ایک نہیں ایسے لاکھوں افراد کا ہم سرقلم کردیتے ‘‘۔

TOPPOPULARRECENT