Thursday , May 24 2018
Home / ہندوستان / رام مندر مسئلہ کی عدم یکسوئی پر ہندوستان شام بن جائیگا

رام مندر مسئلہ کی عدم یکسوئی پر ہندوستان شام بن جائیگا

نئی دہلی ۔ 5 مارچ ۔(سیاست ڈاٹ کام) حساس بابری مسجد ۔ رام جنم بھومی تنازعہ کی آگ پر تیل چھڑکتے ہوئے ایک بیان میں آرٹ آف لیونگ کے بانی سری سری روی شنکر نے آج کہا کہ ہندوستان شام بن جائے گا اگر رام مندر مسئلہ کی جلد ہی یکسوئی نہ کی جائے ۔ انڈیا ٹوڈے ٹی وی کی پدمجا جوشی کو ایک خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے روی شنکر جو مختلف پارٹیوں سے جو رام مندر مسئلہ کی فریق ہیں ایک طویل مدت سے تبادلۂ خیال میں مصروف ہیںکہا کہ اگر رام مندر مسئلہ حل نہ کیا جائے تو ہندوستان میں بھی ایک شام پیدا ہوجائے گا۔ شام کا بحران موجودہ کثیرجہتی مسلح تصادم کا مسئلہ ہے ۔ صدر بشارالاسد کی حکومت اور اس کی حلیف پارٹیاں اور کئی دیگر مخالف حکومت پارٹیاں ایک دوسرے سے برسرجنگ ہیں۔ جاریہ سال خانہ جنگی آٹھویں سال میں داخل ہوگئی ہے ۔ چار لاکھ پینسٹھ ہزار سے زیادہ شامی شہری تاحال ہلاک ، 10 لاکھ سے زیادہ زخمی اور ایک کروڑ بیس لاکھ سے زیادہ ملک کی ماقبل خانہ جنگی جملہ آبادی کا نصف بے گھر ہوچکا ہے ۔ گزشتہ دو ہفتہ میں شام کا بحران دنیا بھر میں بڑی سرخیوں میں آچکا ہے جبکہ چھ سو سے زیادہ افراد مشرقی غوطہ میں ہلاک ہوچکے ہیں۔ انڈیا ٹوڈے کو انٹرویو دیتے ہوئے سری سری نے کہا کہ شام کی خانہ جنگی کا منظر ہندوستان میں بھی نظر آسکتا ہے اگر مسلمان ایودھیا پر اپنے دعوے سے دستبردار نہ ہوجائیں ۔ مسلمانوں کو خیرسگالی کے مظاہرے کے طورپر ایودھیا پر سے اپنے دعوے سے دستبردار ہوجانا چاہئے ۔ ایودھیا اسلام کا عقیدہ رکھنے والوں کا مقام نہیں ہے۔ 61 سالہ مذہبی رہنما نے کہاکہ اسلام متنازعہ مقامات پر عبادت کی اجازت نہیں دیتا۔ ہم لارڈ راما کی جائے پیدائش کسی اور مقام پر منتقل نہیں کرسکتے ۔ روی شنکر نے ان تجاویز کو بھی بکواس قرار دیا کہ یہاں پر ایک ہاسپٹل تعمیر کیا جائے جہاں 6 ڈسمبر 1992 ء کو ہندوؤں کے ایک ہجوم نے مغل دور کی مسجد کو شہید کردیا تھا ۔ گزشتہ ایک سال سے روی شنکر ایودھیا ، بنگلور و، لکھنو ، دہلی ، حیدرآباد اور چینائی میں شخصی طورپر پانچسو سے زیادہ قائدین سے تبادلۂ خیال کرچکے ہیں۔ سری سری روی شنکر نے کہاکہ بعض لوگ اُن کی مخالفت کررہے ہیں کیونکہ وہ تنازعات پر ہی زندہ رہتے ہیں ۔ تمام لوگ عدالت کے فیصلے سے کبھی متفق نہیں ہوں گے ۔ حال ہی میں روی شنکر نے کل ہند مسلم پرسنل لاء بورڈ کے خارج شدہ رکن سید سلمان حسین ندوی سے ملاقات کی تھی جنھیں بورڈ نے یہ کہتے ہوئے کہ شرعی قانون کے مطابق مسجد منتقل نہیں کی جاسکتی اُنھیں خارج کردیا تھا ۔ روی شنکر پر الزام عائد کیا گیا ہیکہ انھوں نے ندوی کو رقم ادا کی ہے جس کی تردید آرٹ آف لیونگ کے بانی نے انڈیا ٹوڈے کے انٹرویو میں کردی ۔

TOPPOPULARRECENT