Monday , August 20 2018
Home / کھیل کی خبریں / رانی ہندوستانی ٹیم کی کپتان

رانی ہندوستانی ٹیم کی کپتان

نئی دہلی۔14مارچ (سیاست ڈاٹ کام) تجربہ کار اسٹرائیکر رانی رام پال 4 اپریل کو آسٹریلیا کے گولڈ کوسٹ میں شروع ہونے والے دولت مشترکہ کھیلوں میں 18 رکنی ہندوستانی سینئر خواتین ہاکی ٹیم کی کپتانی کریں گی جبکہ گول کیپر سویتا کو ٹیم کا نائب کپتان بنایا گیا ہے ۔ہاکی انڈیا (ایچ آئی) نے آج دولت مشترکہ کھیلوں کے لیے 18 رکنی ٹیم کا اعلان کیا۔ ہندوستان کو ٹورنمنٹ کے پول اے میں رکھا گیا ہے جہاں اس کے ساتھ ملائیشیا، ویلس، انگلینڈ اور جنوبی افریقہ جیسی مضبوط ٹیمیں شامل ہیں۔ ہندوستانی خواتین پانچ اپریل کو ویلز کے خلاف اپنی مہم کا آغاز کریں گی۔ہندوستانی ٹیم کی کپتانی اسٹرائیکر رانی کو سونپی گئی ہے جبکہ گول کیپر سویتا نائب کپتان کی ذمہ داری ادا کریں گی جو جنوبی افریقہ کے دورہ میں آرام کے بعد ٹیم میں واپسی کررہی ہیں۔ گول کیپروں میں میں سویتا کے علاوہ رجنی اتیمارپو پر بھی پوسٹ کو سنبھالنے کی ذمہ داری رہے گی۔ دفاع میں تجربہ کار دیپکا، سنیتا لاکڑا، دیپ گریس اکا ، گرجیت کور اور سشیلا چانو پکھرمبم مورچہ سنبھالیں گي جبکہ مونیکا، نمیتا ۔ للیما منج کو مڈفیلڈ سنبھالنے کی ذمہ داری دی گئی ہے ۔جنوبی افریقہ کے دورے سے واپسی کرنے والی رانی ، وندنا کٹاریا، پونم رانی پر حریف ٹیموں پر حملہ کی ذمہ داری ہوگی۔دنیا میں10 ویں نمبر کی ٹیم ہندوستان کو ٹورنمنٹ میں اپنے سے بہتر درجہ کے حامل ٹیموں کے چیلنج کا سامنا کرنا پڑے گا۔ دنیا کی دوسرے نمبر کی انگلینڈ، چوتھے نمبر کی نیوزی لینڈ اور پانچویں نمبر کی آسٹریلیا اس کے سامنے ہوں گی۔کوچ ہریندر سنگھ نے امید ظاہر کی ہے کہ جنوبی کوریا میں پانچ میچوں کی سیریز جیت کر لوٹی ہندوستانی ٹیم کے حوصلے کافی بلند ہیں اور وہ گولڈ کوسٹ میں بہتر کارکردگی کرے گی۔جونیئر مرد عالمی فاتح ٹیم کے کوچ ہریندر نے کہا ہم انہی کھلاڑیوں کے ساتھ کافی وقت سے کھیلتے آ رہے ہیں اور2017 میں ایشیا کپ میں ہماری کامیابی سے یہ واضح ہے کہ ٹیم میں کافی یکجہتی ہے اور کھلاڑیوں میں اچھا تال میل ہے ۔ ٹیم نے جنوبی کوریا میں بھی اچھی کارکردگی دی ہے ۔ ہمارے حوصلے کافی بلند ہیں اور ہم گولڈ کوسٹ میں پوڈیم فنش کے مقصد کے ساتھ جا رہے ہیں۔ ٹیم میں تجربہ کار گول کیپر سویتا کو شامل کرنے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کوچ نے کہا کہ خاتون کھلاڑی ابھی عمان میں گول کیپنگ کی ٹریننگ کر رہی ہے ۔ انہوں نے کہا سویتا ٹیم کی مضبوط کھلاڑی ہیں اور گول پوسٹ پر ان کا تجربہ ہمارے لیے کافی اہم ہے ۔

سویتا نے ملک کے لئے200 مقابلے کھیلے ہیں اور بڑے ٹورنمنٹس میں ان کی کارکردگی فائدہ مند رہی ہے اس لئے ہمیں ان کی واپسی سے بہت خوشی ہے ۔ ہندوستانی خاتون ہاکی ٹیم نے سال 2002 کے دولت مشترکہ کھیلوں میں انگلینڈ کو 3-2 سے شکست دے کر گولڈ میڈل جیتا تھا جبکہ2006 میں آسٹریلیا سے فائنل میں شکست کے بعد سلور میڈل پر اکتفاکیاتھا لیکن اس کے بعد سال2010 اور2014 میں ٹیم کی کارکردگی خاص نہیں رہی اور وہ پانچویں نمبر اور بالترتیب کوارٹر فائنل تک ہی پہنچی تاہم کپتان رانی نے یقین دلایا کہ کہ ٹیم 2002 اور2006 کی کارکردگی کو دہرا ئے گی۔ ہم نے بھلے ہی گزشتہ دو ایڈیشن میں اچھی کارکردگی نہیں کی لیکن اس مرتبہ ہم پوڈیم فنش کریں گے ۔ٹیم ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے ۔گول کیپر ۔ سویتا (نائب کپتان)، رجنی ایتمارپو۔ڈفینڈر ۔ دیپکا، سنیتا لاکڑا، دیپ گریس اکا ، گرجیت کور، سشیلا چانو پکھرمبم۔مڈفیلڈر ۔ مونیکا، نمیتا ٹوپو، نکی پردھان ، نیہا گوئل، لالیما منج۔فارورڈ۔رانی (کپتان)، وندنا کٹاریا، لال ریم سیامی، نوجوت کور، نونیت کور، پونم رانی۔

Top Stories

TOPPOPULARRECENT