Saturday , November 18 2017
Home / شہر کی خبریں / راکھی کے موقع پر بہنوں کی جانب سے بھائیوں کوہیلمٹ کا تحفہ گڈگری کی حمایت۔مہم پربہترردعمل

راکھی کے موقع پر بہنوں کی جانب سے بھائیوں کوہیلمٹ کا تحفہ گڈگری کی حمایت۔مہم پربہترردعمل

حیدرآباد 6اگست (سیاست ڈاٹ کام ) مرکزی وزیر نتن گڈگری اور تلگو فلموں کے ڈائرکٹر وی وی ونائک نے راکھی تہوار کے موقع پر بہنوں کی جانب سے بھائیوں کو تحفہ کے طور پر ہیلمٹ دینے ٹی آرایس کی رکن پارلیمنٹ کویتا کی نئی مہم کی حمایت کی ہے ۔وی وی نائک نے اس کو انوکھی مہم قرار دیا ہے ۔ونائک نے تمام بہنوں سے اپیل کی ہے کہ وہ رکھشا بندھن کے موقع پر اپنے بھائیوں کو ہیلمٹ کا تحفہ دیں اور ان کو یاد دہانی کروائیں کہ ہیلمٹ کا استعمال نہ کرنے سے حادثات کی تعداد میں اضافہ ہورہا ہے ۔کویتا کی اس مہم کی قومی سطح پر کافی ستائش کی جارہی ہے بالخصوص سوشیل میڈیا پر سسٹر فار چینج مہم کی سراہنا کی جارہی ہے ۔ مختلف ارکان پارلیمنٹ کی جانب سے بھی اس قدم کو خوش آئند اور سڑک حادثات کی روک تھام کے لئے معاون قراردیا جارہا ہے ۔کویتا کاماننا ہے کہ ملک بھر میں ہر دن 400سے زائد موٹر سیکل سوار سڑک حادثات میں ہلاک ہوتے ہیں جس کی اہم وجہ ہیلمٹ کا عدم استعمال ہے ۔ ہیلمٹ کے استعمال کے سخت قوانین کے باوجود زیادہ تر افراد اس کا استعمال نہیں کرتے ۔انہوں نے راکھی تہوار کے موقع پر بہنوں کو اپنے بھائیوں کے راکھی باندھنے پر انہیں ہیلمٹ کا تحفہ پیش کرنے کا مشورہ دیا۔انہوں نے اس مہم میں تعاون کی خواہش کی تاکہ اس مہم کو وسعت دی جاسکے ۔ دوسری طرف کویتا کی اپیل پر ٹی آرایس کی خاتون لیڈروں اور کارکنوں میں اس مہم کے تعلق سے جوش وخروش پایا جاتا ہے ۔گریٹر حیدرآباد ٹی آرایس کی لیڈر شانتی دیوی نے راکھی باندھتے ہوئے پارٹی لیڈروں کو ہیلمٹ کا تحفہ دیا ۔اس موقع پر انہوں نے بعض پولیس افسروں کو بھی راکھی باندھی اور ان کو بھی ہیلمٹ کا تحفہ دیا۔جگتیال ضلع مرکز میں بھی یہ مہم جاری ہے ۔مارکٹ یارڈ میں چیرپرسن ایس پرینکا نے راکھی باندھ کر ہیلمٹ کا تحفہ دیا۔ رکن پارلیمنٹ کویتا کی سسٹر فار چینج مہم کے حصہ کے طورپر شہر حیدرآباد کے نارائن گوڑہ میں جانوی گروپ آف انسٹی ٹیوشنس کی جانب سے ریلی نکالی گئی جس میں عوام اور طلبہ کی کثیر تعداد نے حصہ لیا۔ اس مہم پر بہتر عوامی ردعمل مل رہا ہے ۔ شرکانے اس احساس کا اظہار کیا کہ اس مہم کے ذریعہ بہنیں اپنے بھائیوں کو راکھی کا تحفہ ہیلمٹ دیتے ہوئے ان کی زندگی بچاسکتی ہیں۔ یہ ایک انوکھی پہل ہے اور اس سے حادثات کی روک تھام ہوسکتی ہے ۔

TOPPOPULARRECENT