Tuesday , September 25 2018
Home / کھیل کی خبریں / راہول اور کرن دورہ ٔآسٹریلیا کیلئے ہندوستانی ٹیم میں شامل

راہول اور کرن دورہ ٔآسٹریلیا کیلئے ہندوستانی ٹیم میں شامل

ممبئی ۔ 10 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) ابھرتے بیٹسمین کے این راہول اور لیگ اسپنر کرن شرما کو آج آسٹریلیا کا دورہ کرنے والی ہندوستانی 19 رکنی ٹسٹ ٹیم میں شامل کیا گیا ہے جبکہ زخمی مہیندر سنگھ دھونی دونوں ٹیموں کے درمیان کھیلے جانے والے پہلے ٹسٹ میں شرکت نہیں کرپائیں گے۔ سریش رائنا کی ٹسٹ ٹیم میں واپسی ہوئی ہے جبکہ وکٹ کیپر بیٹسمین نمن اوجھا بھی ٹیم میں جگہ بنانے میں کامیاب ہوئے ہیں جیسا کہ یہاں منعقدہ سلیکشن کمیٹی کے اجلاس کے بعد بی سی سی آئی کے سکریٹری سنجے پٹیل نے ٹیم کا اعلان کیا ہے۔ سلیکٹروں نے نوجوان کھلاڑیوں کو موقع دینے کی پالیسی اختیار کر رکھی ہے جس کی وجہ سے سینئر کھلاڑی ویریندر سہواگ، گوتم گمبھیر، یوراج سنگھ، ہربھجن سنگھ، امیت مشرا اور پرگیان اوجھا کو مسلسل نظرانداز کیا جارہا ہے۔ کپتان مہیندر سنگھ دھونی جوکہ ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز کے دوران اپنا ہاتھ زخمی کروا بیٹھیں ہیں وہ اس زخم سے ہنوز مکمل صحتیاب نہیں ہوپائیں گے جس کی وجہ سے آسٹریلیا کے خلاف برسبین میں 4 تا 8 ڈسمبر منعقد شدنی پہلے ٹسٹ میں وہ شرکت نہیں کر پائیں گے۔ دھونی کے غیاب میں ویراٹ کوہلی پہلے ٹسٹ میں ہندوستانی ٹیم کے کپتان ہوں گے۔ سنجے پٹیل نے اپنے بیان میں کہا ہیکہ 4 ڈسمبر 2014ء کو برسبین میں آسٹریلیا کے خلاف کھیلے جانے والے پہلے ٹسٹ میں مہیندر سنگھ دھونی کو آرام دیا گیا ہے تاکہ وہ مکمل صحتیاب ہوکر دوسرے ٹسٹ میں ٹیم کی قیادت کرپائیں۔ نیز دھونی کی عدم موجودگی میں ویراٹ کوہلی ٹیم کے کپتان ہوں گے۔ دورہ آسٹریلیا کیلئے معلنہ 19 رکنی ٹیم میں کوئی غیرمتوقع تبدیلیاں نہیں کی گئی ہیں جیسا کہ راہول کا نام آسٹریلیا کا دورہ کرنے والی ٹیم میں شامل کئے جانے کی پیش قیاسیاں پہلے سے ہی کی جارہی تھیں کیونکہ گھریلو کرکٹ میں انہوں نے استقلال کے ساتھ بہتر مظاہرے کئے ہیں۔ کرناٹک سے تعلق رکھنے والے 22 سالہ کھلاڑی راہول رانجی سیزن میں 1035 رنز اسکور کئے ہیں اور اس طرح وہ اس سیزن میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے دوسرے کھلاڑی ہیں جبکہ کیدر جے دیو اس فہرست میں پہلا نام ہے۔ حالیہ منعقدہ دلیپ ٹرافی میں راہول نے 185 اور 130 رنز اسکور کرتے ہوئے سلیکٹروں کی توجہ حاصل کی ہے۔ راہول کو اس لئے بھی ٹیم میں منتخب کیا گیا ہے کیونکہ وہ انڈیا اے ٹیم کے ساتھ آسٹریلیا کا دورہ کرتے ہوئے وہاں اننگز کا آغاز بھی کرچکے ہیں۔ دوسرے اہم کھلاڑی 27 سالہ کرن شرما ہیں جوکہ ٹوئنٹی 20 کرکٹ میں پہلے ہی ہندوستان کی نمائندگی کرچکے ہیں۔ انڈین پریمیئر لیگ میں سن رائزرس حیدرآباد کیلئے لیگ بریک بولنگ کا شاندار مظاہرہ کرنے والے اس کھلاڑی کی اس ٹورنمنٹ میں قیمت 3.75 کروڑ روپئے تھی۔ کرن نے 13 مقابلوں میں 11 وکٹیں حاصل کی ہیں۔ دریں اثناء نمن اوجھا کو بھی گھریلو کرکٹ میں بہتر مظاہرہ کا صلہ ملا ہے اور وہ 4 سنچریوں کے ذریعہ سلیکٹروں کی توجہ حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے ہیں۔ اوجھا کو ٹیم میں دوسرے وکٹ کیپر بیٹسمین کے طور پر شامل کیا گیا ہے۔

Top Stories

TOPPOPULARRECENT