Tuesday , January 16 2018
Home / Top Stories / راہول حوصلے اور جذبہ سے پارٹی کی قیادت کریں گے

راہول حوصلے اور جذبہ سے پارٹی کی قیادت کریں گے

مجھے اپنے بیٹے پر فخر ہے ۔ صدارت سونپنے کی تقریب سے سبکدوش صدر سونیا گاندھی کا خطاب
نئی دہلی 16 ڈسمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) کانگریس پارٹی کی صدارت اپنے فرزند راہول گاندھی کو سونپتے ہوئے سونیا گاندھی نے آج کہا کہ پارٹی کو چاہئے کہ وہ پہلے اپنی صفوں کو ٹھیک کرے اور ملک میں فرقہ وارانہ طاقتوں کو روکنے کیلئے کسی بھی قربانی کیلئے تیار رہے ۔ پارٹی صدارت سنبھالنے پر راہول گاندھی کو مبارکباد دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ان کے فرزند پر جو شخصی حملے ہوئے ہیں ان سے وہ بے خوف ہوگئے ہیںاور انہوں نے اس یقین کا اظہار بھی کیا کہ نوجوان قیادت پارٹی میں ایک نیا جذبہ پیدا کریگی ۔ انہوں نے کہا کہ انہیں یقین ہے کہ راہول گاندھی ایک حوصلے اور عزم کے ساتھ پارٹی کی قیادت کرینگے ۔ سونیا گاندھی ‘ راہول گاندھی کو پارٹی صدارت سونپنے کی تقریب سے خطاب کر رہی تھیں۔ سونیا گاندھی 19 سال تک پارٹی کی صدر رہیں۔ انہوں نے اپنے دور صدارت میں تائید و حمایت پر پارٹی کے قائدین اور کارکنوں سے بھی اظہار تشکر کیا ۔ انہوں نے کہا کہ ملک کو ایسے چیلنجس کا سامنا ہے جن کی ماضی میں نظیر نہیں ملتی ۔ تاہم انہوں نے کہا کہ پارٹی کو خوفزدہ نہیں کیا جاسکتا ۔ کانگریس کو چاہئے کہ وہ اپنا محاسبہ کرے اور آگے بڑھے اور اپنی اقدار کی پابندی کرے۔

یہ اخلاقیات کی لڑائی ہے ۔ ہم کو اپنا گھر ٹھیک کرنا چاہئے اور مقابلہ کیلئے تیار رہنا چاہئے اور اس کیلئے جو کچھ ضروری ہو قربانی پیش کرنی چاہئے ۔ شخصی حوالے سے انہوں نے کہا کہ انہیں اپنے فرزند کے جذبہ اور حوصلے پر فخر ہے ۔ انہوں نے کہا کہ راہول ان کا بیٹا ہے اور وہ مناسب نہیں سمجھتیں کہ ان کی ستائش کریں لیکن یقینی طور پر وہ اتنا کہیں گی کہ بچپن سے ہی انہوں نے تشدد کی تکلیف سہی ہے ۔ اپنی سیاسی زندگی میں انہوں نے مذموم شخصی حملے سہے ہیں جن سے وہ مزید بے خوف ہوگئے ہیں۔ انہیں فخر ہے کہ وہ ایک عزم اور حوصلے کے حامل ہیں۔ انہیں پورا یقین ہے کہ وہ ایک حوصلے اور جذبہ کے ساتھ پارٹی کی قیادت کرینگے ۔ اپنی تقریر کے دوران سونیا گاندھی نے ان وقتوں کا حوالہ دیا جب وہ سیاست میں شامل ہونے میں ہچکچاہٹ کاشکار تھیںجب ان کی ساس اندرا گاندھی اور شوہر راجیو گاندھی کا قتل ہوگیا تھا ۔ سونیا گاندھی کو درمیان میں کارکنوں کی آتشبازی کی وجہ سے کچھ وقت کیلئے اپنی تقریر روکنی بھی پڑی تھی ۔ تقریب میں راہول کی ہمشیرہ پرینکا گاندھی واڈرا بھی شریک تھیں۔

TOPPOPULARRECENT