Tuesday , December 11 2018

راہول صدرکانگریس منتخب ہونے پر جشن و آتشبازی

کانگریس ہیڈ کوارٹر گاندھی بھون میں پارٹی قائدین اور کارکنوں میںزبردست جوش وخروش
حیدرآباد۔11ڈسمبر ( سیاست نیوز) راہول گاندھی کے صدر کانگریس منتخب ہوجانے پر گاندھی بھون میں کانگریس قائدین و کارکنوں کی جانب سے بڑے پیمانے پر جشن منایا گیا ۔ اتم کمار ریڈی ‘ محمد علی شبیر ‘ آر سی کنٹیا اور ملو بٹی وکرامارک نے راہول گاندھی کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے دوبارہ ملک بھر میں کانگریس کے احیاء ہونے اور 2019ء میں راہول گاندھی وزیراعظم بننے کی توقع کا اظہار کیا ہے ۔ راہول گاندھی کو بلامقابلہ اے آئی سی سی صدر منتخب ہونے پرکانگریس قائدین و کارکنوں نے گاندھی بھون میں زبردست جشن منایا‘ مٹھائیاں تقسیم کرنے کے ساتھ ساتھ بڑے پیمانے پر آتشبازی کی ‘ بیانڈ باجے پر رقص کرنے والوں میںسابق رکن پارلیمنٹ انجن کمار یادو بھی شامل ہے ۔ راہول گاندھی زندہ باد کانگریس پارٹی زندہ باد کے نعرے لگاتے رہے ۔ اس جشن میں تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کے نائب صدر کمار راو جنرل سکریٹری وینوگوپال ‘ ترجمان جی نرنجن کانگریس قائد سید شوکت رحمت علی کے علاوہ دوسرے شامل تھے ۔ صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی اُتم کمار ریڈی نے ایک پریس ریلیز جاری کرتے ہوئے کہاکہ نوجوان قائد راہول گاندھی پر سارے کانگریسیوں کو فخر ہے ‘ جنہوں نے 47سال کی عمر میں ملک کی 132سالہ کانگریس پارٹی کی باگ ڈورقبول کی ہے ۔ ملک کے 130 کروڑ عوام کو راہول گاندھی سے کافی امیدیں وابستہ ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ راہول گاندھی ایسے خاندان کے چشم چراغ ہیں جس نے ملک کی آزادی میں اہم رول ادا کیا ۔ انگریزوں سے کبھی کوئی سمجھوتہ نہیں کیا اور آزاد ملک کو متحد اور سیکولر برقرار رکھنے کیلئے اپنی زندگیاں بھی قربان کردی ۔ قائد اپوزیشن تلنگانہ قانون ساز کونسل محمد علی شبیر نے ملک کی سب سے قدیم کانگریس پارٹی کی صدارت کیلئے راہول گاندھی کی بلامقابلہ کامیابی پر انہیں مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ راہول گاندھی نے گجرات میں پارٹی کی انتخابی مہم چلاتے ہوئے بی جے پی کے ہوش اُڑا دیئے ہیں ۔ نریندر مودی ملک کے پہلے وزیراعظم ہے جنہوں نے دم توڑتی بی جے پی کو آکسیجن فراہم کرنے کیلئے گجرات میں 50سے زائد جلسے منعقد کئے ہیں ۔عوامی اعتماد سے محروم ہوجانے کے بعد وزیراعظم گجرات کے الیکشن کو مذہبی رنگ دے چکے ہیں ‘ تب بھی عوامی تائید حاصل نہیں ہوئی تو پڑوسی ملک پاکستان کے نام کا سہارا لینے کیلئے مجبور ہوگئے ہیں ۔ راہول گاندھی صدر بننے سے قبل اپنی طاقت کے بل بوتے پر ہندو توا طاقتوں کے پیروں تلے زمین کھسکا چکے ہیں ‘یہ تو ابتداء ہے ۔ سکریٹری اے آئی سی سی و انچارج تلنگانہ کانگریس اُمور آر سی کنٹیا ‘ تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کے ورکنگ پریسیڈنٹ ملو بٹی وکرامارک ‘ سابق ایم پی پونم پربھاکر نے بھی مبارکباد دی ۔

TOPPOPULARRECENT