Tuesday , December 12 2017
Home / سیاسیات / راہول صدر کانگریس بن جائیں ،دہلی یونٹ کی قرارداد

راہول صدر کانگریس بن جائیں ،دہلی یونٹ کی قرارداد

نئی دہلی۔ 7 اکتوبر (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس کی دہلی یونٹ کے نومنتخبہ ارکان نے آج متفقہ طور پر ایک قرارداد منظور کرتے ہوئے راہول گاندھی سے پارٹی کے صدر کی حیثیت سے جائزہ حاصل کرنے کی اپیل کی۔ راہول موجودہ طور پر نائب صدر کانگریس ہیں اور ایسی اطلاعات ہیں کہ وہ عنقریب پارٹی کی صدارت سنبھال سکتے ہیں۔ راجستھان کانگریس کے سربراہ سچن پائیلٹ اس ہفتے نیوز ایجنسی پی ٹی آئی سے کہا تھا کہ راہول دیوالی کے بعد صدر کانگریس کی حیثیت سے جائزہ لے سکتے ہیں اور یہ ان کیلئے بہت مناسب وقت ہے کہ محاذی ذمہ داری سنبھالتے ہوئے قیادت کریں۔ آج راہول کو صدر پارٹی کے عہدے پر فائز کرنے کی استدعا کے ساتھ قرارداد دہلی پردیش کانگریس کمیٹی کے 280 مندوبین نے متفقہ طور پر منظور کی۔ سابق وزیراعظم منموہن سنگھ اس میٹنگ میں نئی دہلی اسمبلی حلقہ سے تعلق رکھنے والے مندوب کی حیثیت سے شریک ہوئے۔ کانگریس ان دنوں صدر کے عہدے کے بشمول تنظیمیں چناؤ منعقد کررہی ہے۔ الیکشن کمیشن نے کانگریس کے لئے ڈسمبر کی مہلت مقرر کی ہے کہ اس عمل کو مکمل کرلیں، تاہم آل انڈیا کانگریس کمیٹی یہ عمل اسی ماہ ختم کرلینا چاہتی ہے۔ ایک اور قرارداد منظور کرتے ہوئے صدر اے آئی سی سی اور نائب صدر کو مجاز گردانا گیا کہ وہ پارٹی کی دہلی یونٹ کا صدر نامزد کریں۔ صدر دہلی کانگریس اجئے ماکن نے کہا کہ سابق وزیراعظم ڈاکٹر سنگھ کا پی سی سی مندوب کی حیثیت سے انتخاب پارٹی کی دہلی یونٹ کیلئے باعث افتخار ہے۔ آج کی میٹنگ کے دیگر شرکاء میں اے آئی سی سی جنرل سیکریٹری جناردھن دیویویدی، دہلی کانگریس انچارج پی سی چاکو ، دہلی پردیش ریٹرننگ آفیسر الہاس پاٹل اور اے پی آر او منوج چوہان شامل ہیں۔ پاٹل نے کہا کہ پارٹی کی دہلی یونٹ کے تنظیمی انتخابات کا شفاف انداز میں انعقاد عمل میں لایا گیا۔ دہلی کے تمام 70 اسمبلی حلقوں میں بلاک سطح کے پارٹی ورکرس نے جملہ 280 مندوبین منتخب کئے۔

TOPPOPULARRECENT