Thursday , September 20 2018
Home / سیاسیات / راہول کا جیتنے کا خواب شگافوں والے غبارے کو بھرنے کے مترادف :شیو سینا

راہول کا جیتنے کا خواب شگافوں والے غبارے کو بھرنے کے مترادف :شیو سینا

ممبئی 18 مارچ (سیاست ڈاٹ کام )راہول گاندھی پر سخت تنقید کرتے ہوئے شیو سینا نے آج کہا کہ نائب صدر کانگریس کا لوک سبھا انتخابات میں کامیابی حاصل کرنے کا خواب شگافوں والے غباروں میں گیس بھرنے کے مترادف ہے۔ شیو سینا کے ترجمان سامنا کے اداریہ میں شیو سینا کے سربراہ اودھو ٹھاکرے نے تحریر کیا ہے کہ کانگریس جس کو امیدوار نہیں مل رہے ہیں200 سے زیادہ نشستیں حاصلکرنے کا دعوی کررہی ہے جو مضحکہ خیز ہے۔ ملک میں کانگریس مخالف لہر چل رہی ہے کوئی بھی کانگریس کے ٹکٹ نہیں چاہتا ۔ شیو سینا کے سربراہ اودھو ٹھاکرے نے کہا کہ انہیں اعتماد ہے کہ این ڈی اے آئندہ انتخابات میں 275 سے زیادہ نشستیں حاصل کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ راہول گاندھی نے 200 سے زیادہ نشستیں حاصل کرنے کا دعوی کیا جس سے ہر شخص کو صدمہ ہوا ۔ ان کا بیان ممکن ہے کہ خود ان کی والدہ اور کل ہند کانگریس کی صدر سونیا گاندھی کیلئے صدمہ انگیز ثابت ہوا ہو۔ انہوں نے عام آدمی پارٹی قائد اروند کجریوال پر تنقید کرتے ہوئے دعوی کیا کہ عام آدمی پارٹی انتخابات کے بعد غائب ہوجائے گی۔

TOPPOPULARRECENT