Tuesday , December 12 2017
Home / سیاسیات / راہول کو کانگریس کی صدارت پر فائز کرنے کی مہم میں شدت

راہول کو کانگریس کی صدارت پر فائز کرنے کی مہم میں شدت

قطعی فیصلہ اور منظوری کیلئے ورکنگ کمیٹی کا عنقریب اجلاس
نئی دہلی ۔ 11 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) نہرو گاندھی خاندان کے سیاسی وارث راہول گاندھی کو کانگریس کی صدارت پر فائز کرنے کی مہم شدت اختیار کرچکی ہے اور توقع ہیکہ اس پارٹی کے کلیدی پالیسی ساز ادارہ ورکنگ کمیٹی کے عنقریب منعقد شدنی اجلاس میں قطعی فیصلہ کے ساتھ ان کی ’’تخت نشینی‘‘ ہوگی۔ مولا پلی رامچندرن کی قیادت میں کانگریس کو مرکزی الیکشن اتھاریٹی اس ضمن میں پارٹی صدر سونیا گاندھی کو ایک رپورٹ پیش کرچکی ہے، جس کی بنیاد پر کانگریس ورکنگ کمیٹی (سی ڈبلیو سی) نئے صدر کے انتخابات کیلئے ایک عبوری پروگرام کو قطعی شکل دے رہی ہے۔ راہول گاندھی کے باضابطہ انتخابات کیلئے اگرچہ کئی ضابطوں کی رسمی تکمیل کے مرحلے میںہیں لیکن کانگریس میں تنظیمی سطح پر راہول گاندھی کو پارٹی کی قیادت سونپنے کی تائید میں پرجوش مہم انتہاء پر پہنچ رہی ہے۔ کئی ریاستوں میں نوتشکیل شدہ پردیش کانگریس کمیٹیوں نے قراردادیں منظور کرتے ہوئے سونیا گاندھی سے راہول کو صدر بنانے کی درخواست کی ہے۔

حلقہ لوک سبھا گرداس پور کے ضمنی انتخابات میں 56 فیصد پولنگ
چندی گڑھ ۔ 11 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) پنجاب میں حلقہ لوک سبھا گرداس پور کے ضمنی انتخاب میں تقریباً 56 فیصد رائے دہی ریکارڈ کی گئی۔ بی جے پی رکن لوک سبھا ونود کھنہ کے انتقال کے بعد یہ نشست مخلوعہ ہوئی تھی جس کو پُر کرنے کیلئے منعقدہ انتخاب میں بی جے پی، کانگریس اور عام آدمی پارٹی کے درمیان سہ رخی مقابلہ ہے۔

TOPPOPULARRECENT