Tuesday , December 12 2017
Home / سیاسیات / راہول کے تبصروں پر بی جے پی کی تنقید،کانگریس کا ردعمل

راہول کے تبصروں پر بی جے پی کی تنقید،کانگریس کا ردعمل

نئی دہلی ۔ /21 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس نے آج بی جے پی کی راہول گاندھی کے ہندوستان سے باہر غیرملکی سرزمین میں ہندوستان کو رسواء کرنے کے الزام کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ وزیراعظم نریندر مودی ہی تھے جنہوں نے سب سے پہلے ایسا کیا تھا ۔ انہیں راہول گاندھی سے پہلے قوم سے معذرت خواہی کرنی چاہئیے ۔ کانگریس کے سینئر قائد آنند شرما نے کہا کہ راہول گاندھی نے جو کچھ کہا بالکل درست تھا ۔ انہوں نے یاددہانی کی کہ امریکہ کے اپنے دورہ کے موقع پر نائب صدر کانگریس نے مختلف مسائل بشمول بیروزگاری اور عدم رواداری پر تبصرے کئے ہیں جو بالکل مناسب تھے ۔ انہوں نے کہا کہ انہیں سچائی کی طاقت پر فخر ہے اور راہول گاندھی بالکل سچ کہہ رہے تھے ۔ بی جے پی نے ملک میں تشدد ، خوف اور دہشت کا ماحول پیدا کردیا ہے ۔ راہول گاندھی نے صرف حقائق کا اظہار کیا ہے جبکہ خود مودی نے ہندوستان کی شبیہہ بیرون ملک مسخ کردی ہے جس کیلئے انہیں قوم سے معذرت خواہی کرنی چاہئیے ۔ مودی نے ہندوستان کو ایک بدعنوان ملک قرار دیا تھا جبکہ وہ بیرون ملک دورہ پر تھے ۔ ان کے اس تبصرہ پر ہندوستانیوں کو آج تک شرم آتی ہے ۔ اگر راہول گاندھی کے تبصروں سے بی جے پی کو دکھ کا احساس ہورہا ہے تو اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا کیونکہ عوام کو ایسا کوئی احساس نہیں ہے ۔

ادتیہ ناتھ ‘ موریا لوک سبھا سے مستعفی
نئی دہلی ۔ 21ستمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) چیف منسٹر اترپردیش یوگی ادتیہ ناتھ اور ان کے نائب کیشو پرساد موریا ریاستی قانون ساز کونسل کیلئے منتخب ہونے کے چند روز بعد آج ارکان لوک سبھا کی حیثیت سے مستعفی ہوگئے ۔ لوک سبھا سکریٹریٹ کے عہدیدار نے کہا کہ دونوں بی جے پی ایم پیز نے اپنے مکتوبات استعفیٰ سکریٹریٹ کو پیش کردیئے ۔ ادتیہ ناتھ گورکھپور لوک سبھا نشست کی نمائندگی کرتے تھے اور موریا کا انتخابی حلقہ پھولپور ( الہ آباد ) تھا ۔ آدتیہ ناتھ اور موریا مارچ میں ریاستی چناؤ میں زبردست اکثریت کے ساتھ بی جے پی کی جیت کے بعد ترتیب وار چیف منسٹر یو پی اور ڈپٹی چیف منسٹر کی حیثیت سے حلف لئے تھے ۔

TOPPOPULARRECENT