Tuesday , December 11 2018

راہول گاندھی اور چندرا بابو کی حیدرآباد اور اضلاع میں انتخابی مہم

جلسوں سے خطاب ، روڈ شو کو قطعیت ، کانگریس اور تلگودیشم اتحاد سے ٹی آر ایس خوفزدہ
حیدرآباد /23 نومبر ( سیاست نیوز ) کانگریس اور تلگودیشم کے قومی صدور راہول گاندھی اور این چندرا بابو نائیڈو 28 اور 29 نومبر کو شہر حیدرآباد کے علاوہ اضلاع میں مشترکہ طور پر انتخابی جلسوں اور روڈ شوز میں حصہ لیتے ہوئے پیپلز کی انتخابی مہم چلائیں گے ۔ 36 سال تک ایک دوسرے کے کٹر حریف رہنے والی کانگریس اور تلگودیشم نے تلنگانہ کے اسمبلی انتخابات میں ایک دوسرے سے سیاسی اتحاد کرتے ہوئے یہ ثابت کردیا کہ سیاست میں کبھی کوئی مستقل دوست یا دشمن نہیں ہوتے ۔ قومی سطح پر مخالف بی جے پی محاذ تیار کرنے کی تلگودیشم کے صدر و چیف منسٹر آندھراپردیش نے پہل کی جس کی کانگریس نے مکمل تائید و حمایت کا اعلان کیا ہے ۔ چندرا بابو نائیڈو نے دہلی پہونچکر کانگریس کے قومی صدر راہول گاندھی سے ملاقات کی ہے جواب میں راہول گاندھی نے بھی اپنے قاصد اشوک گہلوٹ کو امراوتی روانہ کرتے ہوئے چندرا بابو نائیڈو سے خیر سگالی ملاقات کروائی ہے ۔ تلنگانہ کے اسمبلی انتخابات میں کانگریس ، تلگودیشم ، سی پی آئی اور ٹی جے ایس نے آپس میں ایک دوسرے سے سیاسی اتحاد کرتے ہوئے پیپلز فرنٹ تشکیل دیا ہے ۔ کانگریس اور تلگودیشم نے آپس میں ایک دوسرے سے مشاورت کرتے ہوئے راہول گاندھی اور چندرا بابو نائیڈو کی مشترکہ انتخابی حکمت عملی کو قطعیت دی ہے ۔ دونوں قائدین اضلاع کھمم اور محبوب نگر میں انتخابی جلسہ اور روڈ شوز سے خطاب کریں گے جس کے بعد دونوں قائدین حیدرآباد پہونچکر شب بسری کریں گے ۔ 29 نومبر کو صبح راہول گاندھی کریم نگر میں کانگریس کی انتخابی مہم میں حصہ لیں گے ۔ جبکہ چندرا بابو نائیڈو شہر حیدرآباد میں قیام کرتے ہوئے اپنے دوسرے کام انجام دیں گے ۔ اسی دن راہول گاندھی اور چندرا بابو نائیڈو کارگذار چیف منسٹر تلنگانہ کے سی آر کے اسمبلی حلقہ گجویل میں کانگریس کے امیدوار پرتاپ ریڈی کی انتخابی مہم میں شرکت کریں گے ۔ شام میں حیدرآباد پہونچکر چند اسمبلی حلقوں میں روڈ شوز کا اہتمام کریں گے ۔ صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی اتم کمار ریڈی نے 28 اور 29 نومبر کو راہول اور نائیڈو کے مشترکہ انتخابی مہم کی توثیق کردی ہے اور کہا کہ کانگریس اور تلگودیشم کے سیاسی اتحاد سے ٹی آر ایس خوفزدہ ہے ۔ راہول گاندھی اور چندرا بابو نائیڈو کی جانب سے مشترکہ انتخابی مہم چلانے کے بعد ٹی آر ایس قائدین کی نیندیں حرام ہوجائیں گی ۔

TOPPOPULARRECENT