Wednesday , January 17 2018
Home / Top Stories / راہول گاندھی اُمیدوں کی سیاست کو آگے بڑھائیں گے:منموہن سنگھ

راہول گاندھی اُمیدوں کی سیاست کو آگے بڑھائیں گے:منموہن سنگھ

ملک کو خوف و دہشت کی سیاست کا سامنا ، راہول کی تاج پوشی کے موقع پر سابق وزیراعظم کا خطاب
نئی دہلی۔ 16 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) سابق وزیراعظم منموہن سنگھ نے آج کہا کہ صدر کانگریس راہول گاندھی اُمیدوں کی سیاست کو آگے بڑھائیں گے جس کی آج ملک کو سخت ضرورت ہے اور خوف و دہشت کی سیاست کو اس پر حاوی ہونے کی اجازت نہیں دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں واضح طور پر افراتفری اور بے چینی کی سیاست دیکھی جاسکتی ہے اور ملک کے عوام راہول گاندھی سے یہ توقعات وابستہ کئے ہوئے ہیں کہ وہ اس رجحان میں تبدیلی لائیں گے۔ مسٹر سنگھ نے ان خیالات کا اظہار آج راہول گاندھی کی جانب سے صدارت کی ذمہ داری سنبھالنے کے موقع پر منعقدہ تقریب سے ایک مختصر سے خطاب میں کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ آج کانگریس پارٹی کی تاریخ میں منفرد دن ہے اور راہول گاندھی کی قیادت پارٹی کے تئیں محنت، لگن اور پابند عہد کا ایک نیا باب تحریر کریں گے جو کہ پارٹی کو نئی بلندیوں تک لے جائے گا۔ سابق وزیراعظم نے اس موقع پر مسز سونیا گاندھی کی بھی ستائش کی اور سونیا گاندھی کو ایک طاقتور ترین اور شاندار صدر قرار دیا جنہوں نے پارٹی کو پستی سے نکال کر بلندیوں تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا۔

انہوں نے کہا کہ راہول گاندھی ایک ایسے وقت پارٹی کی صدارت سنبھال رہے ہیں جب ملک میں واضح طور پر افراتفری کی سیاست دیکھی جارہی ہے۔ بحیثیت ماہر تعلیم مسٹر سنگھ نے چند روز قبل واضح طور پر بی جے پی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا تھا کہ خطرہ اس بات کا ہے کہ خوف و دہشت کی سیاست، امیدوں کی سیاست پر حاوی ہوسکتی ہے۔ بعدازاں انہوں نے راہول گاندھی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ راہول جی ہم آپ پر منحصر ہے کہ آپ موجودہ سیاسی منظر نامہ کو تبدیل کردیں اور وہ یہ کہ آپ خوف و دہشت کی سیاست کو اُمیدوں کی سیاست میں بدل دیں جس کی کہ اس وقت ملک کو شدید ضرورت ہے۔ سلسلہ خطاب جاری رکھتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہمارے ملک کو آج بھی غربت، ناخواندگی اور مختلف امراض کا سامنا ہے جس سے لاکھوں ہندوستانی متاثر ہیں۔ سونیا گاندھی کی 19 سالہ پارٹی صدارت کا تذکرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم نے ان کے ساتھ کانگریس ورکنگ کمیٹی کے رکن اور بحیثیت وزیراعظم کام کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میری وزارت عظمیٰ کے دوران میں نے سونیا گاندھی کی رہنمائی میں چند تاریخی کام انجام دیئے ہیں جس میں منفرد سماجی قانون سازی جیسے منریگا اور قانون حق معلومات شامل ہیں۔ منموہن سنگھ نے مزید کہا کہ ان کی حکومت کے دوران اقتصادی شرح نمو اوسطاً 7.8% درج کیا گیا اور 140 بلین افراد کو سطح غربت سے اوپر اٹھایا گیا۔

TOPPOPULARRECENT