راہول گاندھی کا دورۂ یوپی ، احتجاجی مظاہرے

امیتھی (یوپی)۔ 16 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) صدر کانگریس راہول گاندھی نے آج اترپردیش کے اپنے 2 روزہ دورہ کا اختتام کیا جبکہ بی جے پی کے حامیوں نے ان کے لوک سبھا حلقہ میں احتجاجی مظاہروں سے ان کا دوسرے دن بھی استقبال کیا۔ کانگریس رکن پارلیمنٹ نے پارٹی کارکنوں کی تائید پر اپنا راستہ تبدیل کردیا۔ گوری گنج کے علاقہ میں ان کا راستہ تبدیل کردینے سے بی جے پی کارکن خاموش ہوگئے۔ مقامی بی جے پی قائدین اشیش شکلا اور سدھانشو شکلا اور پارٹی کارکنوں کی کثیر تعداد گوری گنج مسافر خانہ روڈ پر جمع ہوگئی تھی تاکہ راہول کے دورہ کے خلاف احتجاج کیا جاسکے۔ بعض پلے کارڈس میں ان پر صحت اور تعلیم کی ضروریات اور مسائل کو نظرانداز کردینے کا الزام عائد کیا گیا تھا۔ کل بھی راہول کی آمد کے خلاف احتجاج کیا گیا تھا۔احتجاجی ، گوری گنج ریلوے اسٹیشن کے قریب بھی دیکھے گئے۔ ان تمام افراد کے خلاف گوری گنج پولیس اسٹیشن میں ایک مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔ سینئر بی جے پی قائد اور یوپی کے کابینی وزیر سریکانت شرما نے راہول گاندھی سے قوم سے معذرت خواہی کا مطالبہ کیا کیونکہ کانگریس کی جانب سے اہانت انگیز پوسٹر چسپاں کئے گئے ہیں۔

TOPPOPULARRECENT