Monday , December 11 2017
Home / شہر کی خبریں / راہول گاندھی کو اواخر اکٹوبر تک کانگریس کی صدارت

راہول گاندھی کو اواخر اکٹوبر تک کانگریس کی صدارت

چارمینار پر سدبھاونایاترا کا جلسہ ، انچارج امور تلنگانہ کانگریس آر سی کنٹیا کا خطاب
حیدرآباد ۔ 19 ۔ اکٹوبر : ( سیاست نیوز ) : سی ڈبلیو سی کے رکن و انچارج تلنگانہ کانگریس امور آر سی کنٹیا نے توقع کا اظہار کیا کہ جاریہ ماہ کے اواخر تک راہول گاندھی کانگریس کے صدر منتخب ہوجائیں گے ۔ پارٹی کے قائدین متحد ہو کر 2019 میں راہول گاندھی کو وزیراعظم بنانے اور تلنگانہ میں کانگریس کو اقتدار میں لانے کے لیے کام کریں ۔ راجیو گاندھی سدبھاونا یادگار کمیٹی کی جانب سے چارمینار کے دامن میں انعقاد کردہ جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے یہ بات بتائی ۔ اس موقع پر صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی اتم کمار ریڈی ورکنگ پریسیڈنٹ ملو بٹی وکرامارک قائدین اپوزیشن کے جانا ریڈی ( اسمبلی ) محمد علی شبیر ( کونسل ) سکریٹریز اے آئی سی سی ، وی ہنمنت راؤ ، جی چناریڈی ، سابق مرکزی وزراء سروے ستیہ نارائنا ، بلرام نائیک سابق ریاستی وزراء ایم ششی دھر ریڈی ، ڈاکٹر جے گیتا ریڈی ، ڈی ناگیندر سابق رکن پارلیمنٹ انجن کمار یادو ، صدر تلنگانہ یوتھ کانگریس انیل کمار یادو جنرل سکریٹریز تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی ایس کے افضل الدین ، سید عظمت اللہ حسینی ، عظمیٰ شاکر ترجمان سید نظام الدین صدر گریٹر حیدرآباد کانگریس اقلیت ڈپارٹمنٹ شیخ عبداللہ سہیل سابق کارپوریٹرس ایس محمد واجد حسین ، محمد غوث ، معراج محمد کے علاوہ کانگریس کے سینئیر قائد محمد سراج الدین کے ساتھ عتیق صدیقی ، سید شوکت ، رحمت علی کے علاوہ دوسرے قائدین موجود تھے ۔ آر سی کنٹیا نے کہا کہ دستور ہند نے تمام مذاہب کا احترام کرنے کا درس دیا ہے ۔ لیکن آر ایس ایس ، بی جے پی اور سنگھ پریوار کی دوسری جماعتیں سیاسی مفادات کے لیے ملک میں انتشار پیدا کررہے ہیں ۔ ہندوؤں اور مسلمانوں کے درمیان نفرت کو فروغ دے رہے ہیں ۔ حیرت کی بات ہے ۔ اترپردیش کے انتخابات میں قبرستان اور شمشان گھاٹ کو بھی انتخابی موضوع بنادیا گیا ۔ قومی یکجہتی اور ملک کی سلامت کے لیے خدمات انجام دینے والے گاندھی جی ، اندرا گاندھی اور راجیو گاندھی کو قتل کردیا ۔ ملک میں حالت تیزی سے کروٹ لے رہے ہیں ۔ ملک کے کئی علاقوں میں منعقدہ انتخابات میں کانگریس نے شاندار مظاہرہ کیا ہے ۔ جاریہ ماہ کے اواخر تک راہول گاندھی کانگریس کے صدر بن جائیں گے ۔ کانگریس کے قائدین اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کرتے ہوئے 2019 کے انتخابات میں راہول گاندھی کو وزیراعظم بنانے کے لیے کام کریں ۔ صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی اتم کمار ریڈی نے 27 سال سے سدبھاونا دیوس کا اہتمام کرنے پر جی نرنجن اور سید یوسف ہاشمی کے علاوہ کمیٹی کے تمام ارکان کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ محمد اظہر الدین کرکٹ کے اسٹار کے ساتھ ساتھ کانگریس کے بھی اسٹار ہیں ۔ پارٹی ان کی خدمات سے ضرور استفادہ کرے گی ۔ آئی ٹی انقلاب کو راجیو گاندھی کی دین قرار دیا ۔ قائد اپوزیشن تلنگانہ قانون ساز کونسل محمد علی شبیر نے کہا کہ جب راجیو گاندھی سدبھاونا یاترا کے لیے حیدرآباد پہونچے تھے تب انہوں نے نوجوان وزیر کی حیثیت سے ان کا خیر مقدم کرتے ہوئے قرآن کا انگریزی ترجمہ راجیو گاندھی کو پیش کرچکے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ مودی اور کے سی آر نے ملک اور ریاست کے عوام سے جو بھی وعدے کئے تھے ان میں کوئی وعدہ بھی پورا نہیں کیا گیا ۔ کسی شہری کے بینک اکاونٹ میں 15 لاکھ روپئے نہیں آئے ہر سال 2 کروڑ نوجوانوں کو ملازمتیں دینے کا وعدہ کیا گیا ۔ نوٹ بندی اور جی ایس ٹی پر عمل کرتے ہوئے جو لوگ روزگار پر قائم تھے انہیں بیروزگار بنادیا گیا ۔ ناندیڑ کے عوام نے ہندو اور مسلم فرقہ پرستوں کو منھ توڑ جواب دیا ہے ۔ تلنگانہ میں وعدے کے مطابق ڈبل بیڈ روم مکانات وغیرہ نہیں دئیے گئے ۔ کانگریس کے سینئیر قائد وی ہنمنت راؤ نے دو اہم شخصیتوں کو راجیو گاندھی سدبھاونا ایوارڈ پیش کرنے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی ملک کو ہندو راشٹر میں تبدیل کرنے کی کوشش کررہی ہے ۔ ملک پر جتنا حق ہندوؤں کا ہے اتنا ہی حق مسلمانوں کے علاوہ دوسرے مذاہب کا بھی ہے ۔ ہندوستان کے لیے فخر ثابت ہونے والے تاج محل کو متنازعہ بنایا جارہا ہے ۔ کل تاریخی چارمینار کو بھی فرقہ پرست تنازعہ کا شکار بنا سکتے ہیں ۔ صدر راجیو گاندھی سدبھاونا یادگار کمیٹی جی نرنجن نے 27 سالہ پروگرامس پر روشنی ڈالی اور پرانے شہر میں کانگریس کے قائدین کو نظر انداز کرنے کے باوجود پارٹی قائدین پارٹی سے وفادار ہونے کا دعویٰ کیا ۔ کانگریس کے سینئیر قائد و جنرل سکریٹری سدبھاونا کمیٹی سید یوسف ہاشمی نے کہا کہ 1990 سے زیادہ آج ملک میں حالت بدتر ہوگئے ہیں ۔ لہذا انہوں نے راجیو گاندھی کے امن کے پیغام کو عام کرنے کا مشورہ دیا ۔ ابتداء میں بین مذہبی دعائیہ اجتماع کا اہتمام کیا گیا اور انتہا پسندی کے خلاف حلف دلایا گیا ۔۔

TOPPOPULARRECENT