Sunday , November 19 2017
Home / سیاسیات / راہول گاندھی کو کانگریس کی باگ ڈور سنبھالنی ہوگی پارٹی میں نئی جان ڈالنے کیلئے نوجوان قیادت ضروری : سچن پائیلٹ

راہول گاندھی کو کانگریس کی باگ ڈور سنبھالنی ہوگی پارٹی میں نئی جان ڈالنے کیلئے نوجوان قیادت ضروری : سچن پائیلٹ

نئی دہلی۔ 26 اگست (سیاست ڈاٹ کام) راجستھان کانگریس کے ریاستی صدر سچن پائیلٹ نے کہا کہ راہول گاندھی کو بہت جلد کانگریس کی باگ ڈور سنبھالنی چاہئے اور سونیا گاندھی اس پارٹی کی نگرانی کرتے ہوئے پارلیمانی پارٹی کی سربراہ کی حیثیت سے برقرار رہیں۔ سچن پائیلٹ کا احساس ہے کہ کانگریس نائب صدر میں پارٹی کے اندر نئی جان ڈالنے کی صلاحیت ہے۔ لوک سبھا انتخابات میں بدترین ہزیمت کے بعد وہ پارٹی کے لئے دن رات محنت کررہے ہیں۔ پارلیمنٹ کے اندر اور باہر حکمراں بی جے پی کے خلاف صف آراء ہوگئے ہیں۔ راہول گاندھی کو اب کانگریس قیادت کی ذمہ داری سنبھالنی ہوگی۔ سچن پائیلٹ نے کہا کہ یہ ان کی ذاتی رائے ہے کہ راہول پارٹی میں نئی روح پھونک سکتے ہیں۔ کانگریس ورکنگ کمیٹی کو چاہئے کہ وہ راہول گاندھی کو پارٹی قیادت سونپ دینے کا اعلان کرے۔ پارٹی کا اجتماعی فیصلہ ہی کامیابی کی راہیں کشادہ کرسکتا ہے۔ پائیلٹ جو راہول گاندھی کے ہم رکاب لیڈر ہیں، راجستھان یونٹ کی قیادت کررہے ہیں۔ جبکہ راجستھان میں اسمبلی اور لوک سبھا انتخابات میں کانگریس کو بدترین شکست ہوئی تھی۔ اس ناکامی کے بعد راجستھان کانگریس صدر کی حیثیت سے سچن پائیلٹ کو ذمہ داری دی گئی ہے۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ سونیا گاندھی ایک طاقتور لیڈر ہیں اور وہ پارٹی کے لئے ایک نگران کار طاقت بن سکتی ہیں۔ راہول گاندھی کی حکمت عملی سے ہی ریاستوں میں پارٹی کو مضبوط بنایا جاسکتا ہے۔ 2019ء کے عام انتخابات تک پارٹی کو مرکز میں اقتدار دلانے کی جدوجہد کرنی چاہئے۔ انہوں نے کانگریس پر عائد کئے جارہے ان الزامات کو مسترد کردیا کہ وہ پارلیمنٹ میں رکاوٹیں کھڑی کررہی ہے۔

TOPPOPULARRECENT