Saturday , June 23 2018
Home / Top Stories / راہول گاندھی کی افطار پارٹی ، پرنب مکرجی کی شرکت

راہول گاندھی کی افطار پارٹی ، پرنب مکرجی کی شرکت

پرتیبھا پاٹل ، حامد انصاری ، منموہن سنگھ بھی شامل، اپوزیشن پارٹیوں کے کئی قائدین غیرحاضر

نئی دہلی۔ 13 جون (سیاست ڈاٹ کام) صدر کانگریس راہول گاندھی کی جانب سے دی گئی افطار پارٹی میں سابق صدرجمہوریہ پرنب مکرجی نے شرکت کی۔ چند دن قبل آر ایس ایس ہیڈکوارٹرس پر اپنے خطاب کے ذریعہ تنازعہ میں گھر جانے والے پرنب مکرجی راہول گاندھی کے ساتھ مل کر افطار پارٹی کیلئے تیار کردہ ہال میں داخل ہوئے۔ اس افطار پارٹی میں شریک دیگر اہم شخصیتوں میں سابق صدرجمہوریہ پرتیبھا پاٹل، سابق نائب صدرجمہوریہ حامد انصاری، سابق وزیراعظم منموہن سنگھ کے علاوہ اپوزیشن قائدین شریک تھے، لیکن اپوزیشن کے سرکردہ قائدین کی غیرحاضری شدت سے محسوس کی گئی۔ کئی پارٹیوں کے درمیانی قائدین کو افطار پارٹی میں دیکھا گیا۔ صدر کانگریس کی حیثیت سے راہول گاندھی کی جانب سے منعقدہ یہ پہلی افطار پارٹی تھی۔ دیگر قائدین کے علاوہ سی پی آئی ایم سیتا رام یچوری ، بی ایس پی کے ستیش چندر مشرا ، ٹی ایم سی کے دنیش تریویدی اور ڈی ایم کے کی کنی موذھی نے بھی شرکت کی۔ جنتا دل یو لیڈر شرد یادو ، جنتا دل ایس لیڈر دانش علی ، جے ایم ایم کے ہیمنت سورین ، این سی پی کے بی پی ترپاٹھی ، آر جے ڈی کے منوج جھا، اے آئی یو ڈی یو (آسام )لیڈر بدرالدین اجمل ، آر ایل ڈی کے معراج الدین بھی دعوت افطار میں شریک تھے۔ بہترین طعام اور دوستانہ چہروں سے آراستہ اس دعوت افطار یادگار رہی۔ راہول گاندھی نے افطار پارٹی کے بعد ٹوئٹر پر لکھا کہ ’’میری پارٹی میں کئی شخصیتوں ، سفارت کاروں اور نئے اور پرانے دوستوں کی ایک کہکشاں شریک تھی۔ پرنب مکرجی کو راہول گاندھی کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے دیکھا گیا اور دونوں نے خوشگوار انداز میں ایک دوسرے سے ملاقات کی۔ آر ایس ایس ہیڈکوارٹرس پر پرنب مکرجی کے خطاب کے بعد تلخیاں پیدا ہوئی تھیں۔

TOPPOPULARRECENT