Wednesday , December 19 2018

راہول گاندھی کی زیرصدارت کانگریس کی مرکزی مجلس عاملہ کا آج پہلا اجلاس

نئی دہلی ۔ 21 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) نومنتخبہ صدر کانگریس راہول گاندھی کانگریس کی مجلس عاملہ کے اجلاس کی کل صدارت کریںگے۔ یہ بحیثیت صدر کانگریس ان کا اولین اجلاس ہوگا۔ مرکزی مجلس عاملہ نئے صدر کا گرمجوش استقبال کرے گی اور امکان ہیکہ موجودہ سیاسی صورتحال بشمول کانگریس کی جانب سے طاقتور کارکردگی گجرات اسمبلی انتخابات کے دوران مجلس عاملہ کے زیربحث رہے گی اور آئندہ کا لائحہ عمل طئے کیا جائے گا۔ پارٹی ذرائع نے کہا کہ 2G اسپکٹرم مقدمہ کے فیصلہ میں تمام ملزمین کو بری کردیا گیا ہے۔ امکان ہیکہ اس پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ بی جے پی اور وزیراعظم نریندر مودی نے 2014ء کے لوک سبھا انتخابات میں کانگریس کے خلاف 2G اسکام کی بنیاد پر شدید مہم چلائی تھی۔ ذرائع کے بموجب اجلاس میں حکومت اور اہم اپوزیشن کانگریس کے درمیان ایک دوسرے کے خلاف صف آرائی پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا جو وزیراعظم مودی کے اپنے پیشرو منموہن سنگھ کے خلاف کئے ہوئے تبصرہ کی بناء پر پیدا ہوا ہے۔ کانگریس 2G اسکام کا مسئلہ عوام تک لے جانا چاہتی ہے۔ اس کیلئے جلد ہی ایک منصوبہ بنایا جائے گا۔ پارٹی کی اعلیٰ ترین فیصلہ ساز مجلس امکان ہیکہ اس سلسلہ میں ایک قرارداد بھی منظور کرے گی۔ تاہم مجلس عاملہ کے ایجنڈہ کا سرکاری طور پر کوئی اعلان نہیں کیا گیا۔

TOPPOPULARRECENT