Thursday , November 15 2018
Home / Top Stories / راہول گاندھی کی مختلف مسائل پر بی جے پی اور مودی پر سخت تنقید

راہول گاندھی کی مختلف مسائل پر بی جے پی اور مودی پر سخت تنقید

GWALIOR, OCT 16 (UNI):- Congress President Rahul Gandhi at Gurudwara Data Bandi Chhor, in Gwalior on Tuesday.UNI PHOTO-31U

مدھیہ پردیش میں ناقص تغذیہ ، عوام میں پھوٹ پیدا کرنا ، رافیل سودے میں اسکام اہم موضوعات

شیوپور (مدھیہ پردیش) ۔ 16 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) صدر کانگریس راہول گاندھی نے مدھیہ پردیش کی بی جے پی حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے چیف منسٹر پر الزام عائد کیا کہ وہ صرف اپنی مارکٹنگ کررہے ہیں جبکہ ریاست میں بچے ناقص تغذیہ کی وجہ سے موت کا شکار ہورہے ہیں۔ وہ مدھیہ پردیش میں کانگریس کی انتخابی مہم میں حصہ لے رہے تھے۔ مدھیہ پردیش میں 28 نومبر کو رائے دہی مقرر ہے۔ راہول گاندھی نے کہا کہ ناقص تغذیہ ریاست کا سب سے بڑا مسئلہ ہے۔ کاشتکار پریشان ہیں اور نوجوان جو بیروزگار ہیں، ریاست میں مایوسی کے جراثیم پھیلا رہے ہیں جبکہ شیوراج سنگھ چوہان حکومت نے ان مسائل کو حل کرنے کیلئے کچھ بھی نہیں کیا ہے۔ وہ شہر شیوپور میں ایک جلسہ عام سے خطاب کررہے تھے۔ دریں اثناء مدھیہ پردیش کے علاقہ سبل گڑھ سے موصولہ اطلاع کے بموجب ضلع مورینا کے علاقہ سبل گڑھ میں ایک جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے صدر کانگریس راہول گاندھی نے وزیراعظم نریندر مودی کو اپنی تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ وہ مخالفت برائے مخالفت نہیںکررہے ہیں۔ وہ اسی دن نریندر مودی کی مخالفت ترک کردیں گے جبکہ وہ چھوٹے دکانداروں، مزدوروں اور غریبوں کی مدد کرنا شروع کریں گے جس دن وہ ملک کے عوام کو ایک دوسرے کے خلاف صف آراء کرتے ہوئے ان میں پھوٹ پیدا کرنا بند کردیں گے وہ بھی مودی جی کی مخالفت ترک کردیں گے۔ انہوں نے کہا کہ مودی جی صرف 15 تا 20 دولتمند افراد کیلئے کام کررہے ہیں اور انصاف کی باتیں کرتے ہیں۔ انہوں نے کاشتکاروں کے قرضے معاف کئے۔ وہ کہتے ہیں کہ وہ مزدوروں کے ساتھ ہیں، چاہے باقی ہندوستان انہیں کچھ بھی کہہ رہا ہوں۔ یہی وجہ ہیکہ میں ان کا مخالف ہوں اور مجھے یقین ہیکہ ملک کے عوام ملک کی ترقی چاہتے ہیں۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ وزیراعظم نے اپنی یوم آزادی تقریب میں ان افراد کے آبا و اجداد کی توہین کی ہے جنہوں نے اس ملک کی تعمیر کیلئے رات دن جدوجہد کی ہے۔ صدر امریکہ کہتے ہیں کہ صرف ہندوستان اور چین اس کے ساتھ مسابقت کرسکتے ہیں۔ 70 سال قبل کیا ملک غریب اور بھوکا تھا۔ ہمارے ملک میں کوئی شہر نہیں تھا۔ کوئی رافیل طیارہ نہیں تھا۔ کوئی طیارے یا صنعت موجود نہیں تھی اور وزیراعظم کہتے ہیں کہ گذشتہ 70 سال کے دوران کچھ بھی نہیں ہوا۔ انہوں نے مودی پر الزام عائد کیا کہ وہ صرف اپنے دوستوں کو اپنا کالادھن سفید کرنے میں مدد دے رہے ہیں۔ نوٹوں کی تنسیخ کا اقدام نومبر 2016ء میں کیا گیا تھا اور دو سال گذرنے کے بعد بھی لوگ اپنی محنت سے کمایا ہوا پیسہ حاصل کرنے کیلئے قطاروں میں کھڑے نظر آتے ہیں۔ انہوں نے چیف منسٹر مدھیہ پردیش شیوراج سنگھ چوہان پر بھی کرپشن کے مسئلہ پر تنقید کی۔ نئی دہلی سے موصولہ اطلاع کے بموجب مرکزی وزیرفینانس ارون جیٹلی نے صدر کانگریس راہول گاندھی پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے انہیں مسخرا شہزادہ اور درباری مسخرا کے خطابات دیئے۔ صدر کانگریس کے ترجمان رندیپ سنگھ سرجے والا نے جیٹلی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ مرکزی وزیرفینانس ملک کی معیشت کو تباہ کررہے ہیں اور اس سلسلہ میں ان کا کوئی ثانی نہیں ہے۔ انہوں نے اپنے ٹوئیٹر پر تحریر کیا کہ مرکزی وزیرفینانس کو صرف خوشامدیوں کی ضرورت ہے۔ وہ حقائق کو تسلیم کرنا نہیں چاہتے۔

Top Stories

TOPPOPULARRECENT