Friday , October 19 2018
Home / Top Stories / راہول گاندھی 132 سالہ قدیم کانگریس پارٹی کی صدارت کیلئے تیار، اتوار کو رسمی تقریب

راہول گاندھی 132 سالہ قدیم کانگریس پارٹی کی صدارت کیلئے تیار، اتوار کو رسمی تقریب

 

نئی دہلی 11 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس پارٹی اپنے آپ میں اک تاریخ رقم کرنے کے لئے تیار ہے جب 47 سالہ راہول گاندھی کو 132 سالہ قدیم سیاسی جماعت کانگریس پارٹی کی صدارت کا تاج پہنایا جائے گا۔ یہ وہ قدیم پارٹی ہے جس کی قیادت ہندو مہا سبھا کے ممتاز لیڈر سے لے کر بابائے قوم تک اور بیرونی نژاد شخصیات سے لے کر گاندھی خاندان تک نے کی ہے۔ 132 سالہ اس قدیم سیاسی جماعت کی آزادی کے بعد 15 شخصیات میں سے 4 افراد گاندھی خاندان سے تعلق رکھتے ہیں اور آج جب راہول گاندھی کو صدارت کا تاج پہنایا جارہا ہے اب وہ گاندھی خاندان سے تعلق رکھنے والے پانچویں شخصیت ہیں جو کانگریس کی قیادت کانگریس کریں گے۔ آزادی کے بعد 38 سال تک نہرو گاندھی خاندان نے اِس پارٹی کی قیادت سنبھالی ہے۔ جس میں جواہرلال نہرو تین سال، اندرا گاندھی اور راجیو گاندھی دونوں 8 ، 8 سال اور سب سے طویل 19 سال تک سونیا گاندھی نے کانگریس کی قیادت کی۔ کانگریس کی قیادت کرنے والوں میں سب سے پہلا نام موتی لال نہرو ہے جو ہندوستان کے پہلے وزیراعظم جواہرلال نہرو کے والد محترم ہوا کرتے تھے۔ اِس پارٹی کی سربراہی کرنے والوں میں بااثر شخصیات جیسے بابائے قوم مہاتما گاندھی، سردار ولبھ بھائی پٹیل، سبھاش چندر بوس، مولانا ابوالکلام آزاد اور سروجنی نائیڈو وغیرہ شامل ہیں۔ وومیش چندرا بنرجی نے جنھیں جرنلسٹوں اور سیاسی قائدین سے ایک قسم کی الرجی تھی پہلی بار ممبئی کے کانگریس اجلاس میں ڈسمبر 1885 ء میں کانگریس کی قیادت سنبھالی تھی۔ جبکہ دوسری بار دادا بھائی نروجی کو یہ موقع حاصل ہوا تھا۔ حالانکہ عشروں کے بعد جب سونیا گاندھی کو کانگریس کی قیادت سونپی گئی تو سب سے پہلے اُن کے خلاف بیرونی نژاد ہونے کا مسئلہ شہ سرخیوں میں چھایا رہا اور اپوزیشن جماعتوں نے اسے ایک ہتھیار کے طور پر استعمال کیا۔ حالانکہ سونیا گاندھی سے قبل بھی پانچ افراد ایسے ہیں جن کی پیدائش ہندوستان سے باہر ہوئی اور اُنھوں نے پارٹی کی قیادت کی۔ سر ولیم ویڈربرن سابق رکن انڈین سیول سرویس نے پارٹی کی دو مرتبہ 1889 ء اور 1910 ء میں قیادت کی تھی۔ ہاؤز آف کامرس کے رکن الفریڈ ویب، سر ہینری کارٹن چیف کمشنر آف آسام اور اینی بیزنٹ جنھوں نے ہوم رول موؤمنٹ کی شروعات کی تھی، نے بالترتیب 1894 ء ، 1904 ء اور 1917 ء میں پارٹی کی قیادت سنبھالی تھی۔ بعدازاں مدن موہن مالویا جوکہ ہندو مہا سبھا کے صدر تھے، 1909 ء اور 1918 ء کے درمیان کانگریس پارٹی کی قیادت کی ذمہ داری نبھائی تھی۔ جواہرلال نہرو نے 3 مرتبہ 1929 ء ، 1936 ء اور 1951 ء تا 1953 ء کانگریس کی صدارت کی ہے۔ بعدازاں 1959 ء میں اور 1978 ء تا 1984 ء اندرا گاندھی اور پھر اُن کے فرزند راجیو گاندھی نے 1984 ء تا 1991 ء کانگریس پارٹی کی صدارت کے عہدہ پر فائز رہے۔ پھر 1998 ء سے تاحال راجیو گاندھی کی بیوہ سونیا گاندھی کی صدارت کرتی رہیں۔

TOPPOPULARRECENT