Sunday , December 17 2017
Home / شہر کی خبریں / رجسٹری آمدنی میں تلنگانہ جنوبی ہند میں سرفہرست

رجسٹری آمدنی میں تلنگانہ جنوبی ہند میں سرفہرست

رجسٹری میں بے قاعدگیوں اور وقف اراضیات کی غیر مجاز رجسٹری کی تردید : اسمبلی میں وزیر مال کا بیان
حیدرآباد ۔ 23 ۔ مارچ : ( سیاست نیوز ) : تلنگانہ کے وزیر مال و ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی نے رجسٹری میں بے قاعدگیوں بالخصوص وقف اراضیات کی غیر مجاز رجسٹری ہونے کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ نوٹ بندی کے باوجود رجسٹری آمدنی تلنگانہ سارے جنوبی ہند میں سرفہرست ہے ۔ آج اسمبلی میں وقفہ سوالات کے دوران ٹی آر ایس کے رکن اسمبلی سرینواس گوڑ کی جانب سے پوچھے گئے سوالات کو مسترد کرتے ہوئے محمد محمود علی نے کہا کہ کسی بھی مقام پر جائیدادوں کا رجسٹریشن کرانے کے لیے شروع کئے گئے پروگرام میں کوئی بے قاعدگیاں نہیں ہوئی اور نہ ہی اس کی گنجائش موجود ہے ۔ اگر ایک مقام کی رجسٹری دوسرے مقام پر کرانا ہے تو متعلقہ رجسٹری آفس کو 48 گھنٹے قبل اس کی اطلاع دینا ضروری ہے ۔ کسی بھی قسم کا اعتراض نہ ہونے کی صورت میں رجسٹری کی جاتی ہے ۔ کاشت کی اراضی کو غیر کاشت کی اراضی اور غیر کاشت کی اراضی کو زرعی اراضی قرار دیتے ہوئے رجسٹریشن کرانے کا جو بھی دعویٰ کیا جارہا ہے وہ سب بے بنیاد ہے اور نہ ہی وقف اراضی پر کہیں بھی رجسٹری کرائی گئی ۔ اگر شکایت وصول ہونے پر رجسٹری منسوخ بھی کرائی گئی ہے اور غلط ریکارڈ پیش کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی بھی کی گئی ہے ۔ ڈپٹی چیف منسٹر نے بے نامی رجسٹری ہونے کی بھی تردید کی ہے اور نہ ہی چارمینار و قلعہ گولکنڈہ کی رجسٹری ہوتی ہے ۔ ایسی صورتحال ماضی میں ہوسکتی تھی ہوگی مگر ٹی آر ایس کے دور حکومت میں ہرگز ممکن نہیں ہے اور نہ ہی غلطیاں کرنے والوں کو معاف کیا جائے گا ۔ محمد محمود علی نے کہا کہ محکمہ رجسٹریشن بدعنوانیوں اور بے قاعدگیوں سے پاک ہوچکا ہے ۔ ابھی تک 28,90,738 لاکھ جائیدادوں کی رجسٹری کرائی گئی ہے ۔ جن میں 3,52 لاکھ رجسٹری کسی بھی مقام سے رجسٹری کرانے والی اسکیم کے تحت کرائی گئی ہیں جس میں کوئی بے قاعدگیاں نہیں ہے ۔ ’ انویر رجسٹریشن ‘ اسکیم سے ڈپارٹمنٹ کو کوئی نقصان نہیں ہوا ہے ۔ نوٹ بندی کے بعد سارے جنوبی ہند میں جائیدادوں کے رجسٹریشن کرانے کا رجحان گھٹا ہے تاہم تلنگانہ واحد ریاست ہے جہاں پر نوٹ بندی کا کوئی اثر نہیں ہوا ہے ۔ بلکہ رجسٹریشن کے تناسب میں 13.60 فیصد کا اضافہ ہوا ہے ۔۔

TOPPOPULARRECENT