Sunday , July 22 2018
Home / دنیا / ’رشوت کیخلاف سعودی عرب کی مہم پر پورا بھروسہ ہے‘

’رشوت کیخلاف سعودی عرب کی مہم پر پورا بھروسہ ہے‘

چند گرفتار شدہ افراد کئی سال سے اپنے ملک کو لوٹ رہے تھے : ٹرمپ
واشنگٹن 7 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) امریکہ کے صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے سعودی عرب میں جاری انسداد رشوت ستانی مہم کے درمیان سعودی قائدین پر آج اپنے عظیم تر اعتماد کا اظہار کیا اور ٹوئیٹر پر لکھا کہ ’’وہ قطعی طور پر جانتے ہیں کہ وہ کیا کررہے ہیں‘‘۔ ٹرمپ نے ٹوکیو سے دو حصوں پر ٹوئیٹر پیغام جاری کرتے ہوئے کہاکہ اُنھیں شاہ سلمان اور ولیعہد (محمد بن سلمان) پر عظیم تر اعتماد ہے۔ چند گرفتار شدہ افراد گزشتہ کئی برسوں سے اپنے ملک کو لوٹ رہے تھے ۔ سعودی عرب میں متعدد انتہائی طاقتور شہزادوں، فوجی قائدین، وزراء کی حیرت انگیز اور ناقابل قیاس گرفتاریوں پر ٹرمپ انتظامیہ خاموش رہا ہے۔ ان کارروائیوں کو بالعموم 32 سالہ ولیعہد محمد بن سلمان کی طرف سے اپنے اقتدار کو مستحکم بنانے کی ایک کوشش کے طور پر دیکھا جارہا ہے۔ یہ کارروائی جن کی ماضی میں کوئی مثال نہیں ملتی، ہفتہ کو کسی وارننگ کے بغیر شروع کردی گئی‘‘۔ اس دوران شاہی خاندان کے ایک بااثر اور انتہائی دولتمند رکن پرنس الولید بن طلال، سابق شاہ عبداللہ مرحوم کے دو بیٹوں کے بشمول کئی شہزادوں، درجنوں سابق وزراء اور اعلیٰ فوجی اہلکاروں اور تاجرین کو گرفتار کرلیا گیا تھا۔ چار وزراء کو برطرف کردیا گیا تھا۔ علاوہ ازیں دو بااثر شہزادے ہلاک ہوگئے تھے۔ سابق شاہ فہد مرحوم کے بیٹے عبدالعزیز سکیورٹی فورسیس کے ہاتھوں ہلاک کردیئے گئے۔ سابق ولیعہد مقرن بن عبدالعزیز مرحوم کے بیٹے اور صوبہ عسیر کے ڈپٹی گورنر منصور بن مقرن کی ہیلی کاپٹر کے پراسرار حادثہ میں ہلاکت ہوئی۔ ولیعہد محمد بن سلمان تیل کی دولت سے مالا مال اس مملکت میں بڑے پیمانے پر اصلاحات کررہے ہیں اور وہ وائٹ ہاؤز کے مشیر جارڈ کشنر سے قریبی تعلقات استوار کرچکے ہیں۔ کشنر صدر ٹرمپ کے داماد ہیں۔

TOPPOPULARRECENT