Sunday , December 17 2017
Home / شہر کی خبریں / رعیتو بازاروں سے درمیانی آدمی کے عمل دخل کو ختم کیا جائیگا

رعیتو بازاروں سے درمیانی آدمی کے عمل دخل کو ختم کیا جائیگا

کریم نگر میں رعیتو بازار کے ماڈرن بلڈنگ کامپلیکس کا افتتاح، ٹی ہریش راؤ کا خطاب
حیدرآباد۔ 12 جون (آئی این ایس ایس) وزیر مارکیٹنگ ٹی ہریش راؤ نے آج کہا کہ حکومت تلنگانہ ترکاری اُگانے والے کسانوں کے لئے ماڈرن رعیتو بازاروں کے ذریعہ درمیانی لوگوں کے عمل دخل کو ختم کرتے ہوئے فلاحی اقدامات کرے گی۔ کریم نگر میں وزیر فینانس ایٹالہ راجندر، رکن اسمبلی جی کملاکر اور عہدیداروں کے ساتھ رعیتو بازار کی ایک ماڈرن بلڈنگ کامپلیکس کا افتتاح کرنے کے بعد مخاطب کرتے ہوئے ہریش راؤ نے کہا کہ ترکاری اُگانے والے کسانوں کو رعیتو بازاروں سے فائدہ ہوگا جہاں وہ ان کی پیداواری اشیاء (ترکاری) کو بہتر قیمت پر فروخت کریں گے۔ اس کے لئے ہم درمیانی آدمی کے عمل دخل کو ختم کرنے کے خواہاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ریاست بھر میں رعیتو بازاروں کو عصری بنانے کے لئے 4.50 کروڑ روپئے خرچ کئے جارہے ہیں اور اس بات کو یقینی بنانے کے لئے اقدامات کئے جائیں گے کہ پھل، پھولوں، مٹن، چکن اور دوسری اشیاء فروخت کرنے کیلئے شاپس ہوں تاکہ عوام کو ایک ہی مقام پر تمام اشیاء دستیاب ہوں۔ ہریش راؤ نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ ان بازاروں میں کسانوں کی پیداوار کیلئے اقل ترین امدادی قیمتوں کو یقینی بنائیں اور قومی سطح پر ترکاریوں، پھلوں اور دیگر فصلوں کے بارے میں جاننے میں ان کی مدد کریں۔ انہوں نے ڈسٹرکٹ کلکٹر نیتو سنگھ سے کہا کہ اسپرینکلر اور ڈریپ اریگشن کے لئے کسانوں کی حوصلہ افزائی کریں اور انہیں ترکاریوں کی کاشت کرنے کی ترغیب دیں۔ اس موقع پر مارکیٹنگ اے ڈی پرکاش، اگریکلچر مارکٹ سیکریٹری پدماوتی، میئر رویندر سنگھ، ضلع پریشد چیرپرسن ٹی اوما اور دوسرے عہدیدار موجود تھے۔

TOPPOPULARRECENT