Wednesday , November 22 2017
Home / دنیا / رفسنجانی کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس بند !

رفسنجانی کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس بند !

تہران۔ 6 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) ایرانی میڈیا کے مطابق ملک میں سربراہ ’’تشخیص مصلحت نظام کونسل‘‘ اکبر ہاشمی رفسنجانی کے سماجی رابطہ کی ویب سائٹس (ٹوئیٹر، انسٹاگرام اور ٹیلیگرام وغیرہ) کے اکاؤنٹس کو بند کردیا گیا ہے۔ یہ اقدام اُن کے اور ایران کے روحانی پیشوا علی خامنہ ای کے درمیان مختلف سیاسی معاملات پر اختلافات کے پس منظر میں کیا گیا ہے۔ ان معاملات میں ایران کا میزائل پروگرام سرفہرست ہے۔ایرانی ویب سائٹ ’’تابناک‘‘ کے مطابق رفسنجانی کے اکاؤنٹس کو اس ٹوئٹ کے بعد بند کیا گیا ہے جس نے روحانی پیشوا خامنہ ای کو برہم کر دیا تھا۔ اس ٹوئٹ میں رفسنجانی نے کہا تھا کہ ’’ یہ میزائلس کا نہیں بلکہ مذاکرات کا زمانہ ہے‘‘۔اگرچہ رفسنجانی نے خامنہ ای کی جانب سے جاری بیان کے بعد(جس میں انہوں نے ہوش و حواس میں ٹوئٹ کرنے کی صورت میں رفسنجانی کو غدار قرار دیا تھا) اپنے ٹوئیٹ میں ترمیم کر لی تھی۔ تاہم شدت پسند گروپ کا میڈیا حسب سابق مجلس تشخیص مصلحت نظام کے سربراہ کو مسلسل تنقیدوں کا نشانہ بنارہا ہے اور ان پر ’’غداری‘‘ کے الزامات عائد کرنے کا سلسلہ جاری رکھا۔خود پر جاری تنقیدوں کے بعد رفسنجانی اپنے بیان سے منحرف ہوگئے اور پھر تہران کے میزائل پروگرام کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ ایرانی میزائل نظام کو جدید تر بنایا جانا چاہئے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بعض ذرائع ابلاغ کی جانب سے ٹوئیٹر پر اُن کے ٹوئٹ کو تحریف کے ساتھ پیش کیا۔

TOPPOPULARRECENT