Wednesday , December 13 2017
Home / Top Stories / رقم ادا نہ کرنے پر ایمبولنس فراہم کرنے سے انکار

رقم ادا نہ کرنے پر ایمبولنس فراہم کرنے سے انکار

شوہر کے کاندھوں پر بیوی کی نعش منتقلی کے واقعہ کی تحقیقات
بھوبنیشور۔/25اگسٹ، ( سیاست ڈاٹ کام ) اڈیشہ میں ایک شخص نے اپنی بیوی کی نعش کاندھوں پر اٹھاکر تقریباً 10کلو میٹر کا فاصلہ طئے کیا کیونکہ اس کی جیب خالی ہونے کی وجہ سے ہاسپٹل کے حکام نے ایمبولنس فراہم کرنے سے انکار کردیا تھا۔ قبائیلی شخص دانا مانجھی نے بتایا کہ ہاسپٹل سے اس کے گاؤں تک نعش ڈھونے کے سواکوئی چارہ کار نہیں تھا کیونکہ ہاسپٹل کے حکام نے مطلوبہ رقم نہ دینے پر ایمبولنس کا انتظام کرنے سے انکار کردیا تھا جس کے بعد وہ اپنی بیوی کی نعش کاندھوں پر اٹھاکر گاؤں لیکر گیا اس کے ہمراہ کمسن لڑکی بھی تھی۔ مانجھی نے بتایا کہ چہارشنبہ کی صبح بھوانی پٹنہ گاؤں میں واقع سرکاری ہاسپٹل سے پرانے بیڈ شیٹ حاصل کرکے اس نے اپنی بیوی امان گاڈے کی نعش کو لپیٹ لیا اور اپنے گاؤںمیسلہر ( ضلع کالا ہانڈی ) کی سمت چل پڑا۔ مانجھی کی بیوی ٹی بی ( تپ دق ) کی مریضہ تھی اور علاج کے دوران چہارشنبہ کی صبح چل بسی۔ اس نے نعش کی منتقلی کیلئے ہاسپٹل کے عہدیداروں سے منت سماجت کی لیکن کسی کو بھی رحم نہیں آیا۔ دریں اثناء ضلع کالا ہانڈی کے کلکٹر نے اس واقعہ کی تحقیقات کا حکم دے دیا ہے اور سب کلکٹر بھوانی پٹنہ کو ہدایت دی گئی کہ بعد تحقیقات ایک رپورٹ پیش کریں۔ ریاستی وزیر شہری ترقیات پشپندرا سنگھ دیو جن کا تعلق ضلع کالا ہانڈی سے ہے بھوبنیشور میں یہ اعلان کیا۔

TOPPOPULARRECENT