Wednesday , June 20 2018
Home / اضلاع کی خبریں / رمضان ، زندگیوں کو بدلنے کا بہترین موقع

رمضان ، زندگیوں کو بدلنے کا بہترین موقع

جامع مسجد کورٹلہ میں جلسہ ، مولانا محمد شفیع ندوی اور دیگر کا خطاب

جامع مسجد کورٹلہ میں جلسہ ، مولانا محمد شفیع ندوی اور دیگر کا خطاب
کورٹلہ /15 جون ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) مولانا محمد شفیع ندوی و نقشبندی نے جامع مسجد کورٹلہ میں جلسہ استقبال رمضان المبارک سے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالی نے اپنے نبیوں کے ذریعہ اپنے بندوں کو یہ بتایا کہ تمہارا ٹھکانہ جنت ہے ۔ اس دنیا میں انسان کو چاہئے کہ جنت کو حاصل کرنے کیلئے مشقت اٹھائیں جبکہ جنت میں بندوں کو مشقت اٹھانا نہیں ہے ۔ مولانا نے کہا کہ اللہ تعالی نے ہم کو اسلام کے ذریعہ اہم نعمتیں دی ہیں ان نعمتوں میں جنت ایک اہم نعمت ہے ۔ ہماری خوش نصیبی ہے کہ ہماری زندگی میں پھر ایک بار رمضان آرہا ہے ۔ رمضان المبارک کا ماہ ہمارے لئے سنہرہ موقع ہے جس میں اللہ تعالی نے شب قدر جیسی مبارک رات رکھی ہے ۔ جو ہزاروں شب سے افضل ہے ۔ رمضان المبارک جہنم سے نجات کا مہینہ ہے ۔ اللہ تعالی رمضان میں جنت میں جانا اور جہنم سے بچانا آسان کردیتے ہیں ۔ رمضان اپنی زندگیوں کے بدلنے کا بہترین موقع ہے ۔ مولانا نے کہا کہ اللہ تعالی نے ہمیں جنت کیلئے بنایاہے ۔ اس لئے ہمیں رمضان عطاء کیا ہے اگر ہم اللہ کی ان مہربانیوں کے باوجود اپنی حالت نہ سدھاریں اور اللہ کی نافرمانی کریں تو اس کی سزا جہنم میں ملے گی ۔ رمضان دوزخ سے نجات حاصل کرنے اور جنت کو حاصل کرنے کا مہینہ ہے ۔ مولانا نے کہا کہ جو اللہ تعالی کا خوف دنیا میں کرے گا آخرت میں ہر خوف سے بچ جائے گا ۔ مسلمانوں کو چاہئے کہ ماہ رمضان المبارک میں اپنی دعاؤں میں جنت مانگیں کیونکہ جنت کا شوق مسلمانوں کی زندگی کا لازمی حصہ ہے ۔ مومن کو یہ یقین رہتا ہے کہ میری خواہش یہاں پوری نہیں ہوسکتی ۔ میری خواہش تو جنت میں پوری ہوگی ۔ مولانا سید نعیم نے اپنی تقریر میں کہا کہ روزہ صرف کھانے پینے سے رکنے کا نام نہیں ہے۔ اللہ تعالی کے رسول محمد ﷺ کا ارشاد ہے کہ جس بندہ نے روزہ رکھ کر جھوٹ بولا اللہ تعالی کو ایسے بندہ کا روزہ رکھنا قبول نہیں کیونکہ اس بندہ کو روزہ رکھنے کا کوئی فائدہ حاصل نہیں ہوتا ۔ مولانا نے کہا کہ سحری کھانا محمدﷺ کی سنت ہے ۔ انہوں نے کہاکہ جو بندے روزے کی حالت میں عبادتیں اور دینی کام کرتے ہیں روزے میں مزہ آتا ہے اور ان کیلئے روزہ رکھنا آسان ہوتا ہے ۔ برخلاف اُن کے جو روزے کی حالت میں جھوٹ ، چغلی ، غیبت ، گالی گلوج اور دیگر گناہ کرتے ہیں روزہ ان پر گراں گذرتا ہے ۔ مولانا نے مسلمانوں سے رمضان المبارک میں زیادہ سے زیادہ اپنا وقت عبادتوں میں گذارنے کی تلقین کی ۔ قبل ازیں مدرسہ حیاء العلوم کے طلباء نے حمد و نعت پیش کی ۔ جلسہ کی کارروائی محمد غیاث الدین نے چلائی ۔

TOPPOPULARRECENT