Sunday , May 27 2018
Home / شہر کی خبریں / رمضان المبارک میں ٹریفک کو بہتر بنانے انتظامات

رمضان المبارک میں ٹریفک کو بہتر بنانے انتظامات

شہر کے تمام زونس میں پولیس پکٹس کی تعیناتی ، کمشنر پولیس کا اجلاس
حیدرآباد 15 مئی (سیاست نیوز) رمضان المبارک کی آمد کے پیش نظر حیدرآباد سٹی پولیس نے دیگر محکمہ جات اور مذہبی رہنماؤں کا ایک اجلاس منعقد کیا۔ سالار جنگ میوزیم میں منعقدہ اِس اجلاس میں کمشنر پولیس انجنی کمار نے کہاکہ ماہِ رمضان ایک مقدس مہینہ ہے اور اُس کی تیاری میں مسلم بھائیوں کے ساتھ ساتھ پولیس بھی متحرک ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ کمشنر پولیس رتبہ کے عہدیدار سے لے کر پولیس کانسٹبل تک پولیس ماہِ رمضان میں مسلم بھائیوں کو سہولت فراہم کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑے گی۔ اُنھوں نے اس اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ پولیس نے اِس مہینے میں ٹریفک کے بہاؤ کو باقاعدہ بنانے کے علاوہ تراویح کے بعد عوام کے لئے خصوصی انتظامات پر اپنی توجہ مرکوز کئے ہوئے ہے۔ انجنی کمار نے کہاکہ پولیس 24 گھنٹے جی ایچ ایم سی کے علاوہ ایچ ایم ڈی اے اور ٹی ایس ایس پی ڈی سی ایل محکمہ جات سے رابطے میں رہ کر عوام کی مشکلات کو حل کرنے کی کوشش کرے گی لیکن اِس میں عوامی تعاون بیحد ضروری ہے۔ یکم رمضان سے عیدالفطر تک پولیس شہر کے ایسٹ، ویسٹ اور ساؤتھ زون میں متحرک رہے گی اور ضرورت پڑنے پر بعض مقامات پر پولیس پیکٹس کو متعین کرنے کے علاوہ پولیس پٹرولنگ میں شدت پیدا کردی جائے گی۔ اس اجلاس کو چیف ایگزیکٹیو آفیسر تلنگانہ اسٹیٹ وقف بورڈ مسٹر شاہنواز قاسم نے بھی مخاطب کیا۔ اجلاس میں مولانا محمد حسام الدین ثانی جعفر پاشاہ، مولانا سید مرتضیٰ پاشاہ، مولانا سید نثار حسین حیدر آقا، صدرنشین وقف بورڈ الحاج محمد سلیم اور دیگر نے شرکت کی۔ اجلاس سے قبل کمشنر پولیس نے ایک آڈیو پیام بھی جاری کیا جس میں اپنے ماتحتین کو ماہِ رمضان میں مصلیوں کا خاص خیال رکھنے کی ہدایت دی گئی۔

TOPPOPULARRECENT