Wednesday , November 21 2018
Home / شہر کی خبریں / رمضان بازاروں میں چوری کے واقعات کو روکنے پولیس کے انتظامات

رمضان بازاروں میں چوری کے واقعات کو روکنے پولیس کے انتظامات

اہم مارکٹوں میں سادہ لباس میں پولیس کی تعیناتی ، چھوٹے تاجرین کو ہراساں کرنے والوں پر بھی نظریں
حیدرآباد۔16مئی (سیاست نیوز) شہر میں محکمہ پولیس کی جانب سے ماہ رمضان المبارک کے دوران کئے جانے والے خصوصی انتظامات میں سب سے اہم ٹریفک کے بہتر انتظامات اور بازاروں میں گہما گہمی کے اوقات کار میں چوری و توجہ ہٹاتے ہوئے لوٹ لینے کے واقعات پر کنٹرول انتہائی اہمیت کا حامل ہے اور محکمہ پولیس کے ساؤتھ زون میں اس سلسلہ میں خصوصی انتظامات کئے جانے لگے ہیں۔بتایاجاتاہے کہ محکمہ پولیس کی جانب سے چارمینار‘ گلزار حوض‘ شاہ علی بنڈہ‘ موتی گلی ‘ لاڈ بازار‘ کوٹلہ عالیجاہ کے علاوہ پتھر گٹی ‘ مدینہ بلڈنگ‘ ہائی کورٹ روڈ اور سالار جنگ میوزیم کے قریب خصوصی انتظامات کئے جا رہے ہیں اس کے علاوہ ان علاقوں میں موجود بازاروں میں پولیس نے سادہ لباس میں ملبوس پولیس اہلکاروں کو تعینات کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے تاکہ چوروں کی ٹولیوں پر خصوصی نظر رکھی جا سکے اور ماہ رمضان المبار ک کے دوران چھوٹے تاجرین کو ہراساں کرنے والوں کو بھی پکڑا جاسکے۔ ڈپٹی کمشنر آف پولیس ٹریفک مسٹر کے بابو راؤ نے اپنے ماتحتین کے ہمراہ چارمینار کے اطراف کے علاقوں کادورہ کرتے ہوئے ٹریفک کے بہاؤ کو بہتر بنانے اور پارکنگ کے مناسب انتظامات کو یقینی بنانے کیلئے اقدامات کا جائزہ لیا اور کہا جارہا ہے کہ مکہ مسجد میں نماز تروایح کے لئے پہنچنے والے مصلیوں کے لئے چارمینار بس اسٹینڈ میں پارکنگ کا خصوصی انتظام کیا جائے گا علاوہ ازیں اطراف کے علاقہ میں ٹریفک کے بہاؤ میں بہتری کیلئے اضافی پولیس اہلکاروں کی تعیناتی عمل میں لائی جائے گی۔ باوثوق ذرائع سے موصولہ اطلاع کے مطابق شہر حیدرآباد کے سرکردہ بازاروں بالخصوص پرانے شہر کے بازاروں میں گہما گہمی کے پیش نظر ’’شی ٹیم‘‘ کے عملہ کو بھی متحرک کیا جائے گا اور سادہ لباس میں ملبوس پولیس اہلکاروں کو نگرانی کیلئے متعین کیا جائے گا۔ اسی طرح رمضان المبارک کے دوران پولیس کی کارکردگی کو بہتر بنانے اور چھوٹے تاجرین کو ہراسانی سے بچانے کیلئے بھی اقدامات کئے جارہے ہیں۔ شہر میں رمضان کے دوران رات بھر بازاروں کو کھلا رکھنے کی اجازت دیئے جانے کے بعد محکمہ پولیس نے گہما گہمی والے علاقوں میں سی سی ٹی وی کیمروں کی اضافی تنصیب کا عمل بھی مکمل کرلیا ہے ۔ محکمہ پولیس کے اعلی عہدیداروں نے ماہ مبارک کے دوران تاجرین کو بھی مشورہ دیا ہے کہ وہ اپنے طور پر صیانتی انتظامات کو یقینی بنائیں تاکہ کسی بھی طرح کی بدنظمی سے فوری طور پر نمٹنے میں مدد حاصل ہوسکے ۔

TOPPOPULARRECENT