Saturday , November 25 2017
Home / شہر کی خبریں / رمضان میں اردو میڈیم اسکولوں کے اوقات میں تبدیلی

رمضان میں اردو میڈیم اسکولوں کے اوقات میں تبدیلی

ڈپٹی چیف منسٹر محمود علی کی ہدایت پر صبح 8بجے تا دوپہر دیڑھ بجے ‘نئے اوقات مقرر
حیدرآباد ۔ 13جون ( سیاست نیوز) ریاست تلنگانہ کے بعض متعصب ذہن عہدیداروں کی وجہ سے اوقات میں تبدیلی کرنے سے گریز کیا گیا تھا لیکن بالآخر تلنگانہ اردو ٹیچرس اسوسی ایشن کی ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی سے کی گئی موثر نمائندگی کے نتیجہ میں ڈپٹی چیف منسٹر کی ڈائرکٹر اسکول ایجوکیشن ریاست تلنگاہ کو دی گئی ہدایت پر آج شام رمضان المبارک کے پیش نظر اردو میڈیم مدارس کے اوقات میں تبدیلی کے اوقات جاری کئے گئے ۔ محمد مسعود الدین احمد جنرل سکریٹری تلنگانہ اردو ٹیچرس اسوسی ایشن ریاست تلنگانہ نے ماہ رمضان المبارک کے پیش نظر مسلم اساتذہ اوربالخصوص اردو میڈیم مدارس کے حسب روایت اوقات میں تبدیلی کے سلسلہ میں ڈپٹی چیف منسٹر سے موثر نمائندگی کی اور بتایا کہ اگر رمضان المبارک کے دوران اردو میڈیم مدارس کے اوقات میں تبدیلی نہ کی جائے تو حکومت پر اس کا منفی اثر مرتب ہوگا کیونکہ ماہ رمضان المبارک کے دوران اردو میڈیم مدارس کے اوقات میں تبدیلی کی ایک قدیم روایت رہی ہے لیکن اس سال ٹی آر ایس حکومت میں اس روایت سے انحراف کیا جارہا ہے ۔ لہذا فی الفور ضروری ہدایت دینے کی ڈپٹی چیف منسٹر سے خواہش کی ۔ ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی نے اس سلسلہ میں ڈائرکٹر اسکول ایجوکیشن مسٹر کشن رے ربط پیدا کر کے ماہ رمضان المبارک کے دوران اردو میڈیم کے تمام مدارس بشمول پرائمری ‘ اپر پرائمری اور ہائی اسکولس کے علاوہ اردو میڈیم ڈائیٹ کالجس کے اوقات میں تبدیلی کرنے کیلئے فوری اقدامات کرنے کی ہدایت دی ۔ ان ہدایات کی روشنی میں ڈائرکٹر اسکول ایجوکیشن نے اپنے جاری کردہ پروسیڈنگس مورخہ 13 جون 2016ء میں واضح کیا ہیکہ ماہ رمضان المبارک کے پیش نظر ریاست بھر میں تمام اردو میڈیم مدارس کے اوقات میں تبدیلی کر کے 13جون تا 6جولائی اردو میڈیم مدارس کے اوقات صبح 8بجے تا دوپہر دیڑھ بجے مقرر کئے گئے ہیں اور کہا گیا کہ ان احکامات پر فوری اثر کے ساتھ نفاذ عمل میں لایا جائے ۔ محمد مسعود الدین احمد جنرل سکریٹری تلنگانہ اردو ٹیچرس اسوسی ایشن نے احکامات کی اجرائی پر ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی و ڈائرکٹر اسکول ایجوکیشن کے علاوہ تمام ٹیچرس یونین بشمول پی آر ٹی یو ‘ ایس ٹی یو ‘ اے پی یو ٹی اے و دیگر یونینوں سے اظہار تشکر کیا ۔

TOPPOPULARRECENT