Wednesday , October 17 2018
Home / Top Stories / رمضان میں غریب مسلمانوں کیلئے 15کروڑ روپئے کے تحائف

رمضان میں غریب مسلمانوں کیلئے 15کروڑ روپئے کے تحائف

کپڑوں کی تقسیم ،مساجد میں افطاری کا انتظام ، مساجد کی آہک پاشی کیلئے 5 کروڑ روپئے منظور ، ڈپٹی چیف منسٹر محمود علی کا خطاب

٭ ہوٹلیں اور دیگر دوکانات 24 گھنٹے کھلے رکھنے کی اجازت
٭ برقی اور سربراہی آب کو یقینی بنانے موثر انتظامات
٭ صاف صفائی کے خاص انتظامات کچرے کی نکاسی پر خصوصی توجہ

حیدرآباد /20 اپریل ( سیاست نیوز ) ریاست تلنگانہ کے غریب مسلمانوں میں تحائف کی تقسیم کیلئے حکومت 15 کروڑ روپئے خرچ کرے گی ماہ رمضان المبارک کے موقع پر حکومت بڑے پیمانے پر غریب مسلمانوں کیلئے راحت فراہم کرنے کے اقدامات کر رہی ہے ۔ ڈپٹی چیف منسٹر محمود علی اور وزیر داخلہ نائینی نرسمہا ریڈی نے آج کہا کہ ریاست کے 4 لاکھ غریب مسلمانوں میں کپڑوں کی تقسیم کیلئے 15 کروڑ روپئے مختص کئے گئے ہیں ۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ ملک میں ایک سیکولر لیڈر ہیں ۔ جنہوں نے رمضان المبارک کیلئے خاطر خواہ مناسب فنڈس جاری کئے ہیں ۔ چار لاکھ غریب مسلمانوں کو کپڑے ریاست میں واقع 800 مساجد میں حکومت کی جانب سے تقسیم کئے جائیں گے ۔ اس کے علاوہ مساجد میں غریب مسلمانوں کیلئے افطاری کا بھی انتظام کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی نے ماہ رمضان کے دوران مساجد کی آہک پاشی کیلئے 5 کروڑ روپئے جاری کرنے کا اعلان کیا ۔ ایک ماہ تک ہوٹلس اور کاروبار 24 گھنٹے کھلے رکھنے کی اجازت دی ۔ سردار محل میں کنٹرول روم قائم کرنے کا بھی فیصلہ کیا ۔ وزیر داخلہ این نرسمہا ریڈی نے حیدرآباد کی گنگاجمنی تہذیب کو سارے ملک کیلئے مثالی قرار دیا ۔ آج سکریٹریٹ میں وزیر داخلہ این نرسمہا ریڈی کی صدارت میں ماہ رمضان کی تیاریوں کا اجلاس منعقد ہوا جس میں شہر کے ارکان اسمبلی اور محتلف محکمہ جات کے اعلی عہدیداروں نے شرکت کی ۔ اجلاس کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی چیف منسٹر نے کہا کہ جاریہ سال حکومت نے ایک ماہ قبل ماہ رمضان کی تیاریوں کا جائزہ اجلاس طلب کیا ہے تاکہ مسائل کی عاجلانہ یکسوئی کیلئے مختلف محکمہ جات کو مہلت دی جاسکے ۔ اس کے علاوہ جی ایچ ایم سی ، محکمہ الکٹرسٹی ، حیدرآباد واٹر ورکس وغیرہ سڑکوں کی تعمیر و مرمت پینے کے پانی کی سربراہی ۔ برقی کے انتظامات وغیرہ کیلئے اپنے اپنے ڈپارٹمنٹ سے علحدہ فنڈز خرچ کریں گے ۔ بلاوقفہ برقی کی سربراہی کو یقینی بنانے کیلئے الکٹریسٹی بورڈ کی جانب سے خصوصی منصوبہ تیار کیا گیا ہے ۔ اس کے علاوہ 52 موبائل جرنریٹرس دستیاب رکھے جائیں گے ۔ مساجد کے علاوہ شہر میں صاف صفائی اور کچرے کی نکاسی کیلئے جی ایچ ایم سی نے حکمت عملی تیار کی ہے ۔ مکہ مسجد اور شاہی مسجد کے مسائل کو حل کرنے کیلئے جنگی خطوط پر اقدامات کئے جائیں گے ۔ ارکان اسمبلی کی نمائندگی پر مساجد کو ٹینکرس کے ذریعہ مفت پانی سربراہ کیا جائے گا ۔ گذشتہ سال کے بہ نسبت جاریہ سال رمضان میں مزید بہتر انتظامات کئے جائیں گے ۔ ہوٹلس اور دوکانات کو 24 گھنٹے کھلے رکھنے کی اجازت رہے گی ۔ یہ سہولت صرف حیدرآباد تک محدود رہے گی یا اضلاع میںبھی رہے گی کے سوال کا جواب دیتے ہوئے ڈپٹی چیف منسٹر نے کہا کہ اضلاع میں جہاں مسلمانوں کی گنجان آبادی ہے وہ ہوٹلس اور کاروبار رات دیر تک کھلا رکھنے کے حق میں ہے تو اس میں کسی قسم کی کوئی رکاوٹ نہیں رہے گی ۔ مساجد کے قریب ناکارہ سڑکوں کو جلد از جلد درست کیا جائے گا ۔ مساجد کے قریب روشنیوں کا معقول انتظام کیا جائے گا ۔ اسٹریٹ لایئٹس پر خصوصی توجہ دی جائے گی ۔ افطار کے موقع پر مساجد کے قریب کچرا صاف کرنے کے اقدامات کئے جائیں گے ۔ عیدالفطر کے موقع پر عیدگاہوں کے قریب صفائی کے انتظامات کو ابھی سے قطبعیت دے دی گئی ہے ۔ ماہ رمضان کے دوران سارے شہر میں دو مرتبہ کچرے کی نکاسی کے اقدامات کئے جائیں گے ۔ زیادہ ڈمپرنیس کے انتظامات کرائے جائیںگے ۔

گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کے ساؤتھ زون آفس سردار محل میں کنٹرول روم قائم کرتے ہوئے تمام محکمہ جات کے ایمپلائیز کو 24 گھنٹے دستیاب رکھا جائے گیا ۔ پانی جمع ہونے کے مسائل کو دور کرنے کیلئے اسپیشل ایمرجنسی اسکواڈ کو تعینات کیا جائے گا ۔ کھانے پینے کی اشیاء چک کرنے کیلئے علحدہ ٹیم تشکیل دی جائے گی ۔ ماہ رمضان کے آغاز سے قبل تمام سیوریج ڈرین لائین کی صفائی کی جائے گی ۔ ملاوٹ شدہ دودھ کی سپلائی کو روکنے کیلئے بھی اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ لاء اینڈ آرڈر کی برقراری آپسی بھائی چارگی کو فروغ دینے کیلئے محکمہ پولیس کی جانب سے خصوصی انتظامات کئے جارہے ہیں ۔ ٹریفک مسائل کی یکسوئی اور سیکوریٹی پر بھی توجہ دی جائے گی ۔ جمعیتہ الوداع اور عیدالفطر کیلئے ٹریفک پر خصوصی توجہ دی جائے گی ۔ شہری شیٹرس کو شہر بدر کیا جائے گا پینے کے پانی کی سربراہی کو موثر بناتے ہوئے سلم علاقوں کو ٹینکرس کے ذریعہ پانی سربراہ کیا جائے گا ۔ آلودہ پانی کی صفائی کو روکنے کیلئے خاص توجہ دیتے ہوئے پانی کے سربراہی پریشر میں بھی اضافہ کیا جائے گا ۔ بلاوقفہ برقی کی سربراہی کو یقینی بنایا جائے گا ۔ مکہ مسجد اور شاہی مسجد کے علاوہ جہاں ضرورت ہے وہاں موبائل ٹرانفسارمرس کی سہولت فراہم کی جائے گی ۔ پرانے شہر میں 25 زائد 500 کیلو واٹ ٹرانسفارمرس ماہ رمضان تک فراہم کئے جائیں گے ۔ 16 مئی سے قبل مکہ مسجد اور شاہی مساجد کے احاطے میں محکمہ عمارت و شوراع کی جانب سے واٹر پروف ٹینٹ لگائے جائیںگے ۔ عیدالفطر کے موقع پر زائد دودھ سپلائی کیا جائے گا ۔ ماہ رمضان کے دوران مسلم ایمپلایئز کو ایک گھنٹہ قبل گھر جانے کی اجازت دی جائے گی ۔ تمام اضلاع کے کلکٹرس کو بھی اجلاس طلب کرتے ہوئے اس طرح کے انتظامات کرنے کی ہدایت دی جارہی ہے ۔ پکوان گیاس کی سربراہی اور ماہ رمضان میں زائد شکر تقسیم کرنے کی محکمہ سیول سپلائیز کو ہدایت دی ۔ اسٹاف کے ساتھ ماہ رمضان میں مکہ مسجد کے پاس امبولنس رکھنے کے بھی احکامات جاری کئے وزیر داخلہ این نرسمہا ریڈی نے حیدرآباد کی گنگاجمنی تہذیب کو سارے ملک کیلئے مثالی قرار دیا اور کہا کہ گذشتہ 4 سال سے تمام عید و تہوار پر امن و طریقہ سے منایا جارہا ہے ۔ صدر ریاستی وقف بورڈ و رکن قانون ساز کونسل محمد سلیم نے ماہ رمضان کے دوران محکمہ فائر کو چوکنا رکھنے کا مشورہ دیا ۔ صاف صفائی پینے کے پانی کے انتظامات پر بھی زور دیا اور مکہ مسجد و شاہی مسجد کا دورہ کرتے ہوئے مسائل کا جائزہ لینے کی بھی تجویز پیش کی ۔

TOPPOPULARRECENT