Wednesday , September 26 2018
Home / اضلاع کی خبریں / رمضان کی خوب سے خوب تر قدر کرنے کی تلقین

رمضان کی خوب سے خوب تر قدر کرنے کی تلقین

سنگاریڈی میں دعوت افطار کے اجتماع سے مفتی محمد اسلم سلطان کا خطاب

سنگاریڈی میں دعوت افطار کے اجتماع سے مفتی محمد اسلم سلطان کا خطاب
سنگاریڈی /6 جولائی ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) ماہ رمضان المبارک ایک بابرکت و عظیم المرتب مہینہ ہے جس کا پہلا عشرہ رحمت ، دوسرا مغفرت اور تیسرا عشرہ آگ سے خلاصی کا ہے ۔ پس ہمیں یہ کوشش کرنی چاہئے کہ ماہ رمضان المبارک کے تینوں عشرے رحمت ، مغفرت اور نجات کا ذریعہ بن جائیں ۔ ان خیالات کااظہار مفتی محمد اسلم سلطان قاسمی ناظم مدرسہ عربیہ نعمانیہ سنگاریڈی نے محمد شفیع الدین صدر ریونیو اسوسی ایشن سنگاریڈی ڈیویژن کی قیام گاہ واقع چانکیہ پوری کالونی ، شانتی سنگاریڈی میں دعوت افطار و طعام کے موقع پر منعقدہ جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ماہ رمضان المبارک کے آخری عشرہ کی ایک اور اہم خصوصی عبادت ’’ اعتکاف ‘‘ ہے ۔ حضؤر اقدس ﷺ نے فرمایا کہ جو ماہ رمضان کے آخری عشرے کے دس دنوں کا ا عتکاف کرتے ہیں ان کیلئے دو حج اور دو عمرہوں کا ثواب ملتا ہے ۔ اس لئے ہمیں اپنے اپنے محلہ جات کی مساجد میں اعتکاف کا اہتمام کرنا چاہئے اور ماباقی رمضان کے ایام کی خوب سے خوب تر قدر کریں ۔ روزہ ، نماز ، تراویح ، زکوۃ ، تلاوت قرآن مجید ، سنت و نوافل ، ذکر و اذکار اور صدقہ و خیر خیرات میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں اور بازاروں ، شاپنگ ، خرید و فروخت اور لایعنی گفتگو ( فضول گفتگو) سے حتی الامکان احتیاط و اجتناب کریں ۔ بعد ازاں مفتی محمد اسلم سلطان قاسمی کی دعاء پر جلسہ کا اختتام عمل میں آیا ۔ اس موقع پر آر ڈی او سنگاریڈی مدھو کر ریڈی ، ڈسٹرکٹ رجسٹرار رگھو بابو ضلع صدر ریونیو اسوسی ایشن وائی شوا پرساد ، سکریٹری ریونیو اسوسی ایشن چکراورتی ، شیر علی سب رجسٹرار نرساپور ، محمد جلیل الدین بابا سابق نائب صدر نشین بلدیہ سنگاریڈی ایم اے سبحان ، محمد خواجہ خان ، محمد لیاقت علی ، شیخ رشید ، امیر الدین ، عمر بن یوسف ( مجیب ) اور محمد عبدالستار آر آئی و دیگر معززین شہر سنگاریڈی کی کثیر تعداد موجود تھی ۔

TOPPOPULARRECENT