Saturday , December 16 2017
Home / شہر کی خبریں / رمضان کے دوران پرانے شہر میں بلا وقفہ برقی سربراہی: میر کمال الدین علی خاں

رمضان کے دوران پرانے شہر میں بلا وقفہ برقی سربراہی: میر کمال الدین علی خاں

برقی کنٹرول پر زون واری کمیٹیوں کی تشکیل ، مساجد کے قریب موبائل ٹرانسفارمرس
حیدرآباد۔18مئی (سیاست نیوز) تلنگانہ اسٹیٹ سدرن پاؤر ڈسٹربیوشن کمپنی لمیٹیڈ کی جانب سے ماہ رمضان المبار ک کے دوران پرانے شہر کے علاوہ مسلم غالب والے علاقو ںمیں بلا وقفہ برقی سربراہی کے اقدامات کو ممکن بنایا جائے گا اور رات دیر گئے برقی سربراہی کے خلل سے نمٹنے کے لئے اعلی عہدیداروں کی نگرانی میں زون کے اعتبار سے کمیٹیاں تشکیل دی جائیں گی۔ بتایاجاتا ہے کہ ماہ رمضان المبارک کے دوران بلا وقفہ برقی سربراہی کے لئے جناب میر کمال الدین علی خان ڈائریکٹر ٹی ایس ایس پی ڈی سی ایل کی نگرانی میں عہدیداروں کی کمیٹی تشکیل دی جائے گی جو ماہ رمضان المبارک کے دوران پرانے شہر میں کیمپ کرے گی اور رات دیر گئے تک کمیٹی کے عہدیداروں کے ساتھ خود ڈائریکٹر موجود رہیں گے۔ محکمہ برقی کی جانب سے کئے گئے فیصلہ کے مطابق شہر کی بڑی مساجد کے قریب میں موبائیل ٹرانسفارمر رکھے جائیں گے اور گہما گہمی والے بازاروں میں برقی سربراہی میں کوئی خلل پیدا نہ ہو اس پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔بتایا جاتاہے کہ محکمہ برقی کے اعلی عہدیداروں نے فیصلہ کیا ہے کہ ماہ رمضان المبارک کے دوران بالخصوص سحر و افطار کے اوقات کار میں کوئی خلل کی شکایات نہ ہوں اس کے لئے برقی سربراہی کے عمل اور طلب کے مطابق مؤثر سربراہی کو ممکن بنانے کا بھی جاریہ ہفتہ کے دوران جائزہ لیا جائے گاتاکہ طلب و سربراہی میں کسی قسم کا فرق نہ پیدا ہونے پائے۔ ماہ رمضان المبار ک کے دوران شوروم‘ ہوٹل اور تجارتی اداروں پر نصب کی جانے والی اضافی برقی کے لئے علحدہ اجازت نامہ حاصل کرنا ہوگا اور اس اجازت نامہ کے حصول کے بغیر اضافی روشنیوں کیلئے لائٹنگ کی جانا درست نہیں ہے۔عہدیداروں کا کہنا ہے کہ شہر حیدرآباد کے علاوہ ٹی ایس ایس پی ڈی سی ایل کے حدود میں موجود تمام اضلاع میں بھی جاریہ سال خصوصی انتظامات کئے جائیں گے۔ٹی ایس ایس پی ڈی سی ایل کے عہدیداروں نے بتایا کہ اضافی برقی کیلئے اجازت نامہ حاصل کئے جانے کی صورت میں محکمہ برقی کو برقی کی طلب کا اندازہ ہوگا اور طلب کے مطابق انتظامات کئے جا سکیں گے اسی لئے بلا اجازت اضافی روشنیاں لگانے والوں کے خلاف بڑے پیمانے پر کاروائی کی جائے گی۔پرانے شہر میں محکمہ برقی کی جانب سے مختلف مقامات پر 3تا5موبائیل برقی ٹرانسفارمرس رکھے جانے کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے لیکن اس سلسلہ میں قطعی فیصلہ جناب میر کمال الدین علی خان آئندہ ہفتہ کریں گے ۔کیونکہ ان کا کہنا ہے کہ بڑی مساجد کے علاوہ چند اہم بازاروں میں بھی موبائیل برقی ٹرانسفارمر رکھے جانا ضروری ہے۔

TOPPOPULARRECENT