Monday , November 20 2017
Home / کھیل کی خبریں / رنگنا ہیراتھ سری لنکا کے معمر ترین کپتان

رنگنا ہیراتھ سری لنکا کے معمر ترین کپتان

کولمبو ، 25 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) سری لنکا کے کپتان اینجیلو میتھیوز اورنائب کپتان دنیش چندی مل انجری کے باعث زمبابوے کے خلاف ٹسٹ سیریز سے باہر ہوگئے جس کے بعد رنگنا ہیراتھ کو قائم مقام کپتان مقرر کیا گیا ہے۔ 38 سالہ رنگنا ہیراتھ سری لنکا کی تاریخ کے معمر ترین کپتان بن گئے ہیں جہاں وہ زمبابوے کے خلاف دو ٹسٹ میچوں میں ٹیم کی قیادت کریں گے۔ رنگنا ہیراتھ کا کہنا تھا کہ ’’میں 38 سال کی عمر میں قومی ٹیم کے کپتان مقرر کئے جانے پر خوش ہوں‘‘۔ بورڈ کا کہنا تھا کہ چندی مل ڈومیسٹک میچ کے دوران زخمی ہوگئے تھے جبکہ میتھیوز ابتدائی طور پر ٹیم کے اعلان کے بعد پریکٹس کے دوران زخمی ہوکر باہر ہوگئے۔ سری لنکا کی کرکٹ ٹیم ہیراتھ کی قیادت میں کولمبو سے زمبابوے کیلئے روانہ ہوگئی۔ کپتان کا کہنا تھا کہ ’’یہ حقیقت ہے کہ ہمارے پاس تجربہ کار کھلاڑی نہیں ہیں لیکن آسٹریلیا کو ہرانے کے بعد ہمارے پاس زیادہ اعتماد ہے اور زمبابوے میں اسی کارکردگی کیلئے پرامید ہیں‘‘۔ ہیراتھ کی شاندار بولنگ کے باعث سری لنکا نے آسٹریلیا کو ہوم سیریز میں پہلی دفعہ وائٹ واش شکست دی تھی۔ سری لنکا کی ٹیم میں تجربہ کار کھلاڑیوں کی عدم موجودگی میں تین نئے کھلاڑیوں کو شامل کیا گیا ہے جو پہلی دفعہ اپنی ٹیم کی نمائندگی کریں گے۔ سری لنکا اور زمبابوے کے درمیان سیریز کا پہلا ٹسٹ میچ 29 اکتوبر کو ہرارے میں شروع ہوگا جبکہ دوسرا ٹسٹ 6 نومبرکو اسی میدان میں کھیلا جائے گا۔

TOPPOPULARRECENT