Sunday , November 19 2017
Home / بچوں کا صفحہ / رنگ برنگے چوزے

رنگ برنگے چوزے

ایک دفعہ ایک آدمی دکاندار کے پاس گیا اور اس نے انڈے مانگے۔ دکاندار نے اسے انڈے دے دیئے اور کہا ’’ ان میں سے جو چوزے نکلیں گے وہ بہت ہی جھگڑالو ہوں گے۔ ‘‘ وہ شخص بہت خوش ہوا اور انڈے لے جاکر مرغی کے ڈبے میں رکھ دیئے۔ کچھ دنوں بعد انڈوں سے چوزے نکل آئے۔ دن گزرتے رہے یہاں تک کہ چوزے بڑے ہوگئے لیکن اس شخص کو یہ دیکھ کر بڑی مایوسی ہوئی کہ یہ تو آپس میں جھگڑا نہیں کرتے۔
دوکاندار کے پاس گیا اور بولا ’’ تم نے تو کہا تھا کہ یہ جھگڑالو ہوں گے لیکن یہ تو آپس میں جھگڑا نہیں کرتے۔آپ نے مجھ سے غلط بیانی کی اور اس لئے اب آپ میرے پیسے واپس کردیں۔‘‘  دوکاندار نے وہ تمام مرغے و مرغیاں اس سے لے لیں اور اس سے کل آنے کہا۔ وہ آدمی جب دوسرے دن آیا تو کیا دیکھتا ہے کہ دکاندار نے تمام مرغے مرغیاں رنگ دیئے ہیں اور وہ مختلف پنجروں میں بند ہیں۔ جیسے ہی دوکاندار نے ان کو پنجرے سے آزاد کیا تو وہ سب ایک دوسرے پر جھپٹ پڑے اور لڑنے لگے۔ وہ شخص یہ دیکھ کر حیران ہوا کہ گھر میں تو یہ نہیں لڑرہے تھے لیکن اب ایک دوسرے کی جان لینے پر تلے ہوئے ہیں۔ اس شخص نے دوکاندار سے اس کی وجہ پوچھی تو اس نے کہا : کل تو یہ ایک دوسرے کو پہچان رہے تھے کیونکہ یہ بچپن سے ایک ساتھ رہ رہے تھے اور ایک جیسے تھے جبکہ آج میں نے ان کو مختلف رنگوں میں رنگ دیا ہے تو یہ ایک دوسرے کو پہچان نہیں رہے ہیں اور لڑ رہے ہیں۔

TOPPOPULARRECENT