Friday , February 23 2018
Home / Top Stories / رواں سال سے حج سبسیڈی برخاست

رواں سال سے حج سبسیڈی برخاست

سپریم کورٹ ہدایات پر عمل آوری، مختار عباس نقوی کا اعلان
نئی دہلی 16 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) وزیر اقلیتی اُمور مختار عباس نقوی نے آج کہاکہ رواں سال سے حج پر کوئی سبسیڈی نہیں رہے گی۔ نقوی نے اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ سبسیڈی سے دستبرداری کے باوجود ریکارڈ 1.75 لاکھ عازمین فریضہ حج ادا کرنے ہندوستان سے روانہ ہوں گے۔ نقوی نے یہ بھی کہاکہ سعودی عرب کی حکومت نے ہندوستان سے سمندری جہاز کے ذریعہ سفر حج کی اجازت سے اصولی طور پر اتفاق کرلیا ہے اور دونوں ملکوں کے عہدیدار ضابطہ کو قطعیت دینے کے لئے ملاقات کریں گے۔ انھوں نے اقلیتوں کی فلاح و بہبود کے لئے کئے گئے متعدد اقدامات کا حوالہ دیتے ہوئے کہاکہ ’’مسلمانوں کو کسی خوشنودی کے بغیر پورے وقار و احترام کے ساتھ بااختیار بنانے کے لئے یہ ہماری پالیسی ہے‘‘۔ اس سال کے اوائل میں نقوی نے کہا تھا کہ سپریم کورٹ احکام کے مطابق مرکزی حکومت بھی حج پر دی جانے والی سبسیڈی برخاست کردے گی۔ وزیر اقلیتی اُمور نے کہاکہ ’’سپریم کورٹ نے 2012 ء میں جب مرکز میں کانگریس کی حکومت تھی ،حج پر دی جانے والی سبسیڈی کو بتدریج ختم کرنے کی ہدایت کی تھی۔ ایک کمیٹی کی سفارشات کے مطابق ایک نئی پالیسی میں ہم نے حج سبسیڈی کو بتدریج ختم کرنے کا فیصلہ کیا تھا‘‘۔

TOPPOPULARRECENT