Friday , November 17 2017
Home / Top Stories / روزنامہ سیاست قارئین کی میراث ، ہر شعبہ میں مسلمانوں کی رہنمائی

روزنامہ سیاست قارئین کی میراث ، ہر شعبہ میں مسلمانوں کی رہنمائی

شعور بیداری ملی ذمہ داری ، کورٹلہ میں جلسہ تقسیم اسناد ، نیوز ایڈیٹر سیاست جناب عامر علی خاں کا خطاب
حیدرآباد ۔ 12 ۔ نومبر : ( سیاست نیوز ) : روزنامہ سیاست قارئین کی میراث ہے ۔ جناب زاہد علی خاں اپنے آپ کو قوم کے لیے وقف کرچکے ہیں مسلمانوں کی تمام شعبوں میں رہنمائی فلاحی اسکیمات کے بارے میں شعور بیداری ملی ذمہ داری ہے ۔ کورٹلہ میں ٹیلرنگ کی تربیت مکمل کرنے والی 60 مسلم خواتین میں سرٹیفیکٹس تقسیم کرتے ہوئے نیوز ایڈیٹر روزنامہ سیاست جناب عامر علی خاں نے ان خیالات کا اظہار کیا ۔ محلہ نظام پورہ کورٹلہ میں ایک تقریب کا اہتمام کیا گیا ۔ جس کی سید محی الدین اسٹاف رپورٹر سیاست کریم نگر نے صدارت کی ۔ دیگر مہمانوں میں محمد عبدالنعیم ناظم ضلع جماعت اسلامی ، الیاس احمد خان امیر مقامی جماعت اسلامی ، محمد مبین باشاہ ایڈوکیٹ و کوآپشن ممبر ، جناب عبدالغفار سابق صدر نشین بلدیہ کورٹلہ ، صمد نواب سکریٹری ادارہ خادم ملت کریم نگر کے علاوہ دوسروں نے شرکت کی ۔ اس موقع پر ٹیلرنگ کی تربیت مکمل کرنے والی لڑکیوں اور خواتین میں سرٹیفیکٹس تقسیم کرنے کے بعد خطاب کرتے ہوئے جناب عامر علی خاں نے بتایا کہ بانی سیاست جناب عابد علی خاں صاحب مرحوم نے ایک وصیت تیار کی تھی جس میں انہوں نے اخبار سیاست کو اس کے پڑھنے والوں کی میراث قرار دیا تھا ۔ ان کے والد ایڈیٹر سیاست جناب زاہد علی خاں اور وہ اپنے آپ کو قوم کے لیے وقف کرچکے ہیں ۔ روزنامہ سیاست کے ذریعہ عوام کو ہر طرح کی خبریں پہونچاتے ہوئے ملت اسلامیہ میں شعور بیدار کرنے کی ذمہ دارانہ کوشش کررہے ہیں ۔ مختلف مسابقتی امتحانات میں مسلم طلبہ کی کوچنگ حکومت کے فلاحی اسکیمات سے استفادہ اٹھانے کے معاملے میں شعور بیداری پیدا کرنے سرکاری سطح پر مسلمانوں سے ہونے والی نا انصافیوں کے خلاف آواز اٹھانے کے معاملات میں روزنامہ سیاست ہمیشہ پیش پیش رہا ہے ۔ قارئین کے تعاون سے مستقبل میں بھی انہیں اصولوں پر قائم رہے گا ۔ روزنامہ سیاست نے ایک انوکھی اسکیم تیار کی ہے ۔ شریر اور ذہین بچوں کا انتخاب کرتے ہوئے انکی حوصلہ افزائی کا بیڑہ اٹھایا ہے ۔ کورٹلہ کے طالب علم جنید اس کی زندہ مثال ہے جو انجینئرنگ کی تعلیم مکمل کر کے انفوسیس بنگلور میں خدمات انجام دے رہا ہے ۔ جناب عامر علی خاں نے ٹیلرنگ کی تربیت مکمل کرنے والی مسلم لڑکیوں اور خواتین کو مبارکباد دیتے ہوئے ان کے روزگار کے لیے لائحہ عمل تیار کرنے کا تیقن حکومت کی اسکیمات سے بھر پور استفادہ اٹھانے کا مسلمانوں کو مشورہ دیا ۔ محمد عبدالنعیم ناظم ضلع جماعت اسلامی نے ادارہ سیاست کی جانب سے کورٹلہ کی مسلم خواتین کو ٹیلرنگ کی تربیت کا انتظام کرنے پر ذمہ داران روزنامہ سیاست سے اظہار تشکر کیا اور کہا کہ سیاست اخبار ہی نہیں بہت بڑی تحریک ہے ۔ مسلمانوں کے مسائل کی نمائندگی سیاست کررہا ہے ۔ 12 فیصد مسلم تحفظات کے لیے سیاست کی تحریک ناقابل فراموش ہے ۔ جس سے متاثر ہو کر حکومت نے بی سی کمیشن تشکیل دیا ہے ۔ کورٹلہ کے جونیر کالج کے لیے نمائندگی کرنے پر جناب زاہد علی خاں نے 60 ہزار روپئے کارپس فنڈز جاری کیا ۔ اس کے بعد دوسرے مقامات کے لیے بھی روزنامہ سیاست نے کارپس فنڈز جاری کیے ہیں ۔ فرضی انکاونٹرس اور یکساں سیول کوڈ جیسے اہم مسائل کو روزنامہ سیاست نے بڑی ذمہ داری سے اٹھایا ہے ۔ ٹیلرنگ کی تربیت حاصل کرنے والی خواتین کے لیے اچھے مواقع ہیں ۔ صرف کورٹلہ منڈل سطح پر مختلف اسکولس میں 14 جائیدادیں مخلوعہ ہیں ۔ مبین پاشاہ ایڈوکیٹ نے روزنامہ سیاست کی ملی خدمات کی ستائش کی ۔ تعلیمی شعبہ میں مسلم طلبہ کی رہنمائی کو ناقابل فراموش قرار دیا اور کہا کہ ساری قوم روزنامہ سیاست کی ممنون و مشکور ہے ۔ 12 فیصد مسلم تحفظات کے لیے انقلاب برپا کرنے کا اعزاز بھی سیاست کو ہے ۔ سکریٹری ادارہ خادم ملت کریم نگر صمد نواب نے ٹیلرنگ کی تربیت مکمل کرنے والی خواتین کو مبارکباد پیش کی اور ملک کے تازہ حالت بالخصوص شریعت میں مداخلت پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اگر مسلمان اپنے مسائل علماء سے رجوع کریں تو شرعی مسائل کا آسانی سے حل برآمد ہوسکتا ہے ۔ امیر مقامی جماعت اسلامی کورٹلہ الیاس احمد خاں نے روزنامہ سیاست کے ملی جذبہ کی ستائش کرتے ہوئے تعلیمی سرگرمیاں اور دوسری خدمات کو قوم کے لیے سیاست کی کاوشوں کا نتیجہ قرار دیا ۔ اسٹاف رپورٹر کریم نگر سید محی الدین نے اپنی صدارتی تقریر میں روزنامہ سیاست کی خدمات پر روشنی ڈالی ہندوستان کی آزادی کے بعد مسلمانوں میں شعور بیدار کرنے کے لیے شروع کیا گیا اخبار سیاست آج بین الاقوامی شہرت کا حامل ہوجانے کا دعویٰ کیا ۔ کسی بھی کام کو انجام دینے کے لیے عزم و حوصلہ کی ضرورت ہوتی ہے ۔ انہوں نے تربیت مکمل کرنے والی خواتین کو اپنے تیار کردہ ملبوسات کی مارکیٹنگ کرنے کا موقع فراہم کرنے یا سنٹر قائم کرنے کی تجویز پیش کی تاکہ وہ بھی خود مکتفی بن سکے ۔ رپورٹر سیاست و انچارج ٹیلرنگ سنٹر محمد عبدالسلیم فاروقی کورٹلہ نے ٹیلرنگ سنٹر کے قیام کے لیے ادارہ سیاست کے تعاون اور تربیت کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالی ۔ طالبہ مہہ جبین کی قرات کلام پاک سے جلسہ کا آغاز ہوا ۔ سیاست کے نامہ نگار جگتیال محمد مجاہد عادل نے نظامت کے فرائض انجام دئیے ۔۔

Top Stories

TOPPOPULARRECENT