Thursday , November 23 2017
Home / شہر کی خبریں / روزنامہ سیاست کی تحریک کا اثر ، نوجوان کی مثالی شادی

روزنامہ سیاست کی تحریک کا اثر ، نوجوان کی مثالی شادی

مسجد میں نکاح اور اخراجات لڑکے والوں نے ادا کئے
حیدرآباد ۔ 9 ۔ اگست : ( راست ) : شہر حیدرآباد میں جہاں شادیوں کی تقاریب میں اسراف کا عالم یہ ہوچکا ہے کہ شادی خانے کا کرایہ 5 لاکھ روپئے ، آتش بازی اور مہمانوں کے لیے طعام کے لیے ہمہ اقسام کے ڈشس بناتے ہوئے اللہ نے جو دولت دی ہے اس کا بیجا استعمال کیا جارہا ہے ۔ جس کے خلاف جناب زاہد علی خاں ایڈیٹر روزنامہ سیاست نے نکاح کو آسان بنانے اور اسراف سے بچنے کے لیے تحریک شروع کی ہے اس تحریک سے متاثر ہو کر ایک شہری نے سادگی سے شادی کی ۔ مسجد قطب شاہی دیوڑھی کلیانی نواب مغل پورہ میں آج ایک مثالی نکاح کی تقریب منعقد ہوئی ۔ نوشہ جن کا نام جعفر بن مبارک بن مسفر الکثیری ہے جو ایک منکسر المزاج ملنسار ریسلر ہیں جنہوں نے تلنگانہ کیسری کے علاوہ ریسلنگ کے مقابلوں میں ملک بھر میں مقام بنایا ہے ۔ آج نہایت ہی سادگی سے شادی کرتے ہوئے شہریوں کے لیے مثال قائم کی ہے ۔ نکاح کی تقریب کے بعد مہمانوں نے جعفر بن مبارک بن مسفر الکثیری اور ان کے والد محترم جناب مبارک بن عمر بن مسفر الکثیری کو سادگی کے ساتھ نکاح کرنے پر دلی مبارکباد پیش کیے ۔ خاص بات یہ ہے کہ نوشہ نے دلہن والوں سے کسی قسم کا جہیز نہیں لیے شادی کے لیے سارا انتظام یہاں تک کہ چائے کا انتظام بھی نوشہ کی طرف سے تھا ۔ جناب عثمان بن محمد الہاجری نے بن مسفر الکثیری قبیلے کے ذمہ داروں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے ملت کے نوجوانوں سے اپیل کی ہے کہ سنت رسولﷺ کے مطابق نکاح کریں اور نکاح کو آسان بنانے کے لیے مروجہ رسوم کے خلاف روزنامہ سیاست کی تحریک سے وابستہ ہوجائیں ۔۔

TOPPOPULARRECENT