Monday , July 16 2018
Home / شہر کی خبریں / روزگار فراہم کرنے میں حکومت ناکام، اپوزیشن کا واک آؤٹ

روزگار فراہم کرنے میں حکومت ناکام، اپوزیشن کا واک آؤٹ

حیدرآباد 14 نومبر (پی ٹی آئی) اپوزیشن کانگریس، بی جے پی، تلگودیشم اور سی پی آئی (ایم) نے حکمراں ٹی آر ایس پر روزگار کے مواقع فراہم کرنے کے معاملہ میں لاپرواہی برتنے کا الزام عائد کرتے ہوئے آج اسمبلی سے واک آؤٹ کردیا۔ جبکہ ریاستی حکومت نے کہاکہ وہ روزگار فراہم کرنے کے عہد کی پابند ہے۔ سرکاری مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات اور بے روزگاری کے مسئلہ پر مختصر مباحث میں حصہ لیتے ہوئے کانگریس رکن ٹی موہن ریڈی نے کہاکہ ٹی آر ایس کے اقتدار سنبھالنے کے تقریباً ساڑھے تین سال کے عرصہ میں صرف 16 ہزار جائیدادوں پر تقررات کئے گئے۔ اُنھوں نے کہاکہ علیحدہ ریاست تلنگانہ جدوجہد کی ایک اہم وجہ روزگار کے مواقع بھی تھی۔ لیکن نوجوانوں میں اِس تعلق سے اب مایوسی پائی جاتی ہے۔ بی جے پی رکن کے لکشمن نے اب تک روزگار کے مواقع فراہم کئے جانے کے سلسلہ میں وائیٹ پیپر جاری کرنے کا مطالبہ کیا۔ تلگودیشم کے آر کرشنیا نے انتظامیہ کو مستحکم بنانے کے لئے بڑے پیمانے پر تقررات کرنے کی ضرورت ظاہر کی۔ وزیر فینانس ای راجندر نے اپوزیشن کی نکتہ چینی کو مسترد کرتے ہوئے کہاکہ حکومت نے اب تک 27,874 افراد کے تقررات کئے ہیں اور مزید تقررات کا عمل بھی جاری ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ تلنگانہ میں آئی ٹی شعبہ بہتر کام کررہا ہے اور چند ماہ میں یہاں بڑے پیمانے پر تقررات کا مرحلہ شروع ہوگا۔ ای راجندر کے جواب پر غیر مطمئن کانگریس اور بی جے پی ارکان نے ایوان سے واک آؤٹ کردیا۔ ریاستی حکومت پر روزگار کے مواقع فراہم کرنے کے لئے خاطر خواہ و ٹھوس اقدامات نہ کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے تلگودیشم اور سی پی آئی (ایم) نے بھی واک آؤٹ کیا۔

TOPPOPULARRECENT