Saturday , November 18 2017
Home / ہندوستان / روزگار کے مواقع پیدا کرنے نیتی آیوگ منصوبہ تیار کریگا

روزگار کے مواقع پیدا کرنے نیتی آیوگ منصوبہ تیار کریگا

ٹریڈ یونینوں اور صنعتی نمائندوں کے ساتھ اجلاس ۔ حکومت کے عزائم سے واقف کروایا گیا
نئی دہلی 12 جولائی ( سیاست ڈاٹ کام ) نیتی آیوگ جلد ہی ایک منصوبہ تیار کریگا تاکہ ملک میں روزگار کی فراہمی کو مستحکم کیا جاسکے ۔ اس منصوبہ میں مناسب ریگولیٹری نظام بھی شامل رہے گا تاکہ خصوصی معاشی اور ساحلی زونس بہتر انداز میں کام کرسکیں اور بحیثیت مجمودی ملک میں کاروبار کا ماحول سہل بنایا جاسکے ۔ نیتی آیوگ کی جانب سے آج تمام فریقین بشمول ٹریڈ یونینوں و صنعتی نمائندوں کے ساتھ ایک اجلاس منعقد کیا گیا جس میں ہنوستان میں دستیاب لیبر فورس کے تعلق سے ایک تفصیلی پریزینٹیشن دیا گیا ۔ نیتی آیوگ کے ایک سینئر عہدیدار نے کہا کہ آیوگ نے ملک میں روزگار کے موقاع پیدا کرنے کے تعلق سے ایک تفصیلی پریزینٹیشن پہلے ہی وزیر اعظم کو دیدیا ہے ۔ نیتی آیوگ کی جانب سے آج فریقین کا ایک اجلاس پہلی مرتبہ منعقد کیا گیا تاکہ اس مسئلہ پر ان کی رائے بھی طلب کی جاسکے ۔ فریقین کی رائے کا تفصیلی جائزہ لینے کے بعد آیوگ کی جانب سے اس مقصد کیلئے ایک منصوبہ کو قطعیت دی جائیگی ۔ عہدیدار نے یہ اشارہ بھی دیا کہ آیوگ کی جانب سے ایک مختلف ریگولیٹری دائرہ کار خصوصی معاشی زونس و ساحلی زونس کیلئے تیار کیا جارہا ہے

جس کا مقصد سرمایہ کاری حاصل کرنا اور روزگار کے مواقع فراہم کرنا ہے ۔ عہدیدار کے بموجب جب تک حکومت کاروبار کو سہل نہیں بناتی اس وقت تک مینوفیکچرنگ کے شعبہ میں سرمایہ کاری مشکل ہوگی ۔ اسی شعبہ میں زیادہ سے زیادہ روزگار فراہم کرنے کے موقع موجود ہیں۔ اجلاس کے بعد انڈین نیشنل ٹریڈ یونین کانگریس کے نائب صدر اشوک سنگھ نے کہا کہ حکومت یک طرفہ لیبر اصلاحات پر عمل نہیں کرسکتی ۔ اس کے نتیجہ میں کاروبار میں آسانی تو پیدا ہوگی لیکن ورکرس ان کے حقوق سے محروم ہوجائیں گے ۔ اشوک سنگھ نے کہا کہ کاروبار میں آسانیاں پیدا کرنے کے ساتھ ساتھ حکومت کو چاہئے کہ وہ ایسا انفرا اسٹرکچر تیار کرے جس کے نتیجہ میں ہنرمند ملازمین کی تعداد میں بھی اضافہ ہو۔ آل انڈیا ٹریڈ یونین کانگریس کے جنرل سکریٹری ڈی ایل سچدیو نے کہا کہ یہ پہلا اجلاس تھا جس میں حکومت نے اپنا پریزینٹیشن دیا ہے ہم امید کرتے ہیں کہ اس مسئلہ پر مزید تبادلہ خیال کیا جائے گا ۔

TOPPOPULARRECENT