Wednesday , June 20 2018
Home / اضلاع کی خبریں / روزہ ، امت مسلمہ کیلئے خدا کی عظیم نعمت

روزہ ، امت مسلمہ کیلئے خدا کی عظیم نعمت

محبوب نگر میں جلسہ استقبال رمضان ، مولانا محمد علی نوری کا خطاب

محبوب نگر میں جلسہ استقبال رمضان ، مولانا محمد علی نوری کا خطاب
محبوب نگر /15 جون ( اسٹیٹ سماچار ) ماہ صیام المبارک اللہ جل مجدہ کے انعامات و اکرامات اور نزول قرآن حکیم کی بناء پر بندگان خدا کیلئے حدیث قدسی کے مطابق اللہ سبحانہ و تعالی صائم کا بدلہ بن جاتا ہے ۔ آج ضرورت اس امر کی ہے امت مسلمہ تمام مصائب و آلام کو بالائے طاق رکھ کر روزہ جیسی عظیم نعمت خداوندی کو چاند دیکھ کر اختیار کرے اور یکم شوال کا چاند دیکھ کر روزے رکھنا بند کریں ۔ان خیالات کا اظہار مفتی محمد علی نوری الیروی کیرالا نے درگاہ حضرت برہنہ بادشاہؒ محبوب نگر میں جشن استقبال رمضان المبارک سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ جس کا اہتمام کل ہند جمعیتہ المشائخ شاخ ضلع محبوب نگر نے کیا تھا ۔ جس کی صدارت مولانا محمد غوث پاشاہ اتم شرفی قادری متولی درگاہ حضرت برہنہ بادشاہؒ و معتمد جمعیتہ المشائخ نے کی ۔ مولانا محمد نصیرالدین نقشبندی امام و خطیب جامع مسجد عثمان گنج حیدرآباد کی قرات کلام پاک اور محمد معین مآزن انصاری و محمد حسان انصاری کی نعت شریف سے جلسہ کا آغاز ہوا ۔ مفتی محمد علی نوری نے سلسلہ خطاب جاری رکھتے ہوئے مسلمانانِ محبوب نگر ضلع کو استقبال ماہ رمضان المبارک کے ضمن میں مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ اللہ اور اس کے رسول مقبول ﷺ کی خوشنودی کیلئے رمضان المبارک میں روزہ رکھنا قرآن حکیم کی تلاوت کرنا اور غریبوں و مساکین میں صاحب نصاب زکوۃ و صدقات اور خیرات کے ذریعہ امداد کرنا یہی دیگر ابنائے وطن کیلئے اسلام کی قربت کا ذریعہ ہے ۔ مولانا محمد محسن پاشاہ نقشبندی قادری جنرل سکریٹری کل ہند جمعیتہ المشائخ ، شاخ ضلع محبوب نگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ماہ رمضان المبارک کے دیگر امتوں پر بھی روزے فرض کئے گئے تھے ۔ اسی طرح ہم پر بھی روزے فرض کئے گئے ہیں ۔ روزہ دار کا ہر عمل مقبول بارگاہ الہی ہوتا ہے ۔ منھ سے نکلنے والی بو مشک و عنبر سے بھی اللہ جل مجدہ کے نزدیک زیادہ پسندیدہ و محبوب ہیں ۔ ڈاکٹر محمد غیاث پاشاہ شرفی قادری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بعض مسلمان روزہ کی حالت میں بھی غیبت و چغلخوری کو عام دنوں کی طرح استعمال کرتے ہیں جبکہ آقائے دو جہاں ﷺ کے فرمان کے مطابق چغلخور جنت میں داخل نہ ہوگا ۔ اس موقع پر مولوی حافظ محمد عثمان قادری قدیری معلم مدرسہ معراج العلوم ، مولوی حافظ محمد چاند پاشاہ قادری بانی مدرسہ رحمت العلوم ، مولوی سید عبدالقدیر نقشبندی بانی مدرسہ رضائے حبیب، محمد مسکین انصاری ، جناب محمد بشیر احمد قادری اور محمد حاجی شرفی قادری کے علاوہ کثیر تعداد میں خواتین و حضرات شریک تھے ۔

TOPPOPULARRECENT